مزید خبریں

سوشل میڈیا کی اہمیت و ضرورت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، رخسانہ کوثر

 حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع حیدرآبادکے زیر اہتمام سات روزہ سوشل میڈیا اینڈ نیٹ ورکنگ ورکشاپ کا انعقاد اسلامک ریسرچ اکیڈمی 6 نمبر لطیف آباد میں ہواجس میں سوشل میڈیا سے متعلق تفصیلی تعارف اور میڈیاکے مثبت استعمال کے طریقے سکھائے گئے جن میں فیس بک، ٹیوٹر پوسٹ بنانا، زوم، واٹس ایپ اور سوشل میڈیا کے حوالے سے بہت کچھ سکھایا گیا ۔ اس موقع پر لطیف آباد کی ذمے داران خواتین کے ساتھ رکن شوریٰ ضلع حیدرآباد اسماء ضیاء ، سیدہ انزہ اور انچارج شعبہ نشرو اشاعت و سوشل میڈیا امیر بی بی بھی موجود تھیں۔شعبہ آئی ٹی کی مرکزی نگراں عالیہ منصور کا تفصیلی آڈیو پیغام بھی ورکشاپ کی زینت بنا جس میں انہوں نے اقامت دین کی جدوجہد میں سوشل میڈیا کے کردار اور ہماری ذمے داریوں کی وضاحت کی۔ اختتامی ورکشاپ سے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ناظمہ ضلع رخسانہ کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا وقت کا بڑا چیلنج ہے جس کی اہمیت و ضرورت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا تاہم اس کا مؤثر و مثبت استعمال تنظیم، ملک و معاشرے کیلیے سود مند ثابت ہوگا،موجودہ دور میں سوشل میڈیا کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے،سوشل میڈیا ذہن سازی کا بہت بڑا ذریعہ ہے،سوشل میڈیا فوری رابطہ و اطلاعات کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ یہ انسان کی انفرادی و اجتماعی زندگی ہے۔ سوشل میڈیا کی کارکنان جماعت کے تعارف اور دعوت کو آگے بڑھانے کیلئے تمام نیٹ ورکس کا بھرپور استعمال کریں۔