مزید خبریں

عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو امریکی ویزہ اور امریکا میں تحفظ فراہم کرنیکا حکم

اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی بازیابی کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، وزارت خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی فیملی کو امریکا کا ویزہ دلانے میں سہولت فراہم
کرنے اور امریکا میں ڈاکٹر عافیہ کی فیملی کے تحفظ کو یقینی بنانے کا حکم، دفتر خارجہ کے افسر کو عافیہ صدیقی کے خاندان کو اپنا رابطہ نمبر دینے کا حکم بھی دیا گیا۔ اسلا م آباد ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے 24 جون کو ہونے والی سماعت کا 2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ وزرت خارجہ نے 20 جون کو عدالت میں رپورٹ جمع کرائی ہے،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فیڈرل میڈیکل سینٹر میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمجھتی ہیں کہ ان کا خاندان زندہ نہیں ہے اور میڈیکل سینٹر کے وارڈن نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو ان کی رضامندی کے بغیرفون کال کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر نے کہا عافیہ صدیقی فیملی کو امریکی ویزہ دلانے کی پوری کوشش کریں گے تاہم ویزا ملنے کی گارنٹی نہیں کیونکہ حتمی فیصلہ امریکی حکومت کا ہوگا۔ کیس کی مزید سماعت 5 اگست 2022ء تک ملتوی کردی گئی ہے۔