مزید خبریں

اسلامی نظام ہی ملک کو بحران سے نکال سکتا ہے ، لیاقت بلوچ

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) استعمار کے ذہنی غلاموں نے ملک پر آئی ایم ایف‘ ایف ٹی بی ایف ‘ ورلڈ بینک کی صورت میں جو تباہی مسلط کی ہے اس کے ذمے دار آمر،پیپلزپارٹی‘ مسلم لیگ، پی ٹی آئی اور سول اسٹیبلشمنٹ بھی ہیں ملک اس وقت مہنگائی، غربت، لا قانونیت اور کرپشن کے گرداب میں پھنسا ہوا ہے۔ عوام کے لیے زندگی دو بھر ہو چکی ہے ان حالات میں جماعت اسلامی کی باصلاحیت‘ سیاسی موروثیت سے پاک قیادت ہی نکال سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے مرکز تبلیغ اسلامی شاہ مکی روڈمیں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے جنرل ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ورکرز کنونشن سے امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے بھی خطاب کیا جبکہ ،ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالوحید قریشی، حافظ طاہر مجید، عبدالقدوس احمدانی، جماعت اسلامی سپریم کونسل کے رکن سردار زبیر خادم حسین سولنگی،نائب امراء عبدالقیوم شیخ،ڈاکٹر سیف الرحمن،جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ‘نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ اور عبدالباسط خان بھی موجود تھے،لیاقت بلوچ نے بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدواروں کو ٹکٹ بھی تقسیم کے۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا جارہا ہے،آئی ایم ایف، ولڈ بینک،مالیاتی ادارے ہماری گردن دبوچے کر بیٹھے ہیں،ایک طویل مدت سے کھیل جاری ہے،کرپشن کی انتہا ہے،اخراجات کا ناجائز استعمال ریاستی اسٹرکچر کو تباہ کر چکا ہے یہ وسائل کو شیریں مادر سمجھ کر پیتے ہیں،آئی ایم ایف جس کی وجہ سے آج ہماری آزادی،ہماری پالیسی سازی،ہمارا قومی بجٹ، ہمارا نیشنل اکنامک چارٹر ناکامی کا شکار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی قیادت ہوش کے ناخن لے،قومی قیادت اپنی ذمے داری کو سمجھے ،اب انہیں سمجھ لینا چاہیے کوئی کمیونزم،سرمایہ دارانہ اور مغربی تہذیب کا نظام ہمارا مدد گار نہیں ہو سکتا،اللہ کا دین ہی مسائل کا حل ہے قرآن و سنت ہی انسان کے وقار کی ضمانت ہے ۔انہوںنے مزید کہاکہ جماعت اسلامی جو اللہ کے دین کا غلبہ چاہتی ہے پاکستان کو اسلامی خوشحال بنانا چاہتی ہے، جماعت اسلامی کے ترازو نشان کے ساتھ اللہ کے دین کی بنیاد اسلامی انقلابی فلاحی منشور کے ساتھ عوام تک پہنچیں گے۔اس موقع پرامیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف و سود کی بے ساکھیوں سے چلایا جا رہا ہے، ثابت ہوگیا کہ چہروں سے نہیں بلکہ نظام کی تبدیلی سے ہی ملک ترقی اور عوام مسائل سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں ترازو کے نشان پر کھڑے امیدواروں کو کامیاب کرکے سندھ میں حقیقی تبدیلی کا آغاز کریں۔