مزید خبریں

الخدمت اورسسکو کا شعبہ آئی ٹی میں اشتراک کا معاہدہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)الخدمت کا عالمی ادارے سسکو( SISCO)کے ساتھ آئی ٹی کے شعبے میں اشترک کا معاہدہ طے پا گیا ۔ہفتے کو الخدمت کے مرکزی دفتر میں معاہدے کی سادہ تقریب منعقد ہوئی۔معاہدے پر الخدمت کی جانب سے ڈائریکٹر مواخات پروگرام یوسف محی الدین اور سسکو( SISCO) کے ریجنل پروگرام منیجر سند ھ وپنجاب آصف حسین نے دستخط کیے۔ اس موقع پر چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت راشد قریشی و منیجر آئی ٹی سید محمد عامر ودیگر ذمے داران موجود تھے ۔ معاہدے کے مطابق الخدمت سسکو کے ساتھ مل کر ووکیشنل ٹریننگ کے ساتھ اسکول کی سطح پر آئی ٹی کی تعلیم دے گی ۔اس پروگرام کے تحت اساتذہ کی تربیت ،نصابی مواد کی فراہمی ،بچوں کی تربیت اور آئی ٹی کے میدان میں بچوں کی صلاحیتیںپروان چڑھا نے میں کردارادا کیا جائے گا اور ساتھ ہی ووکیشنل اور آئی ٹی کورسز کرنے والوں کو ملازمتوں کے حصول میں معاونت کی جائے گی ۔اس موقع پر چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کہا کہ الخد مت اس معاہدے کے تحت ووکیشنل تربیت کے ساتھ اسکول کی سطح پر بچوں کو آئی ٹی کی تعلیم دے گی ۔اس کے لیے 6 ماہ سے ایک سال کے کورسز کرائے جائیں گے ۔اس پروگرام سے کراچی کے سیکڑوں طلبہ وطالبات کو فائدہ پہنچے گا ۔آصف حسین نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ الخدمت کے ساتھ معاہدہ طے پایا ہے ۔سسکو آئی ٹی کا عالمی ادارہ ہے جو آئی ٹی کی تعلیم کے ذریعے نئی نسل کو بہترین مستقبل کی راہ دکھا رہا ہے ۔ الخدمت کے ساتھ مل کر ہم اسکو ل کی سطح پر آئی ٹی کی تعلیم کو عام کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی تربیت کے ساتھ ساتھ الخدمت کے زیر انتظام اسکولوں کو بھی سسکو اکیڈمیز بنا کر ان میں ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جائے گی ۔