مزید خبریں

عبدالاکبر چترالی حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس آسکتا ہے،ایاز صادق

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ مولانا عبدالاکبر چترالی حکومتی بینچز پر نہیں بیٹھیں گے تو ریفرنس بھی آسکتا ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ عبدالاکبر چترالی صاحب آپ کو کرسی عزیز ہے یا حلقے کے عوام کے مسائل اہم ہیں؟ آپ کو فیصلہ کرنا ہو گا، آپ کو ہمارے ساتھ بیٹھنا چاہیے، ان کے خلاف ریفرنس بھی تیار ہے لیکن یہ سب کے دوست ہیں اس لیے کارروائی نہیں کر رہے، ہمارے ساتھ بیٹھیں، مل کر وزیر خزانہ مفتاح صاحب سے مسائل حل کروائیں گے۔ اس پر جواب دیتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما اور رکن اسمبلی مولانا عبدالاکبرچترالی نے کہا کہ ایاز صادق کہتے ہیں میرے خلاف ریفرنس تیار ہے تو لے آئیں، ایاز صادق کی حیثیت کیا ہے؟ میرے خلاف ریفرنس لائیں، ریفرنس کا جواب دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے پیسے میں عدالت سے جاکر لے سکتا ہوں، ڈی سیٹ ہونے سے نہیں ڈرتا، سودی نظام کے خاتمے کیلیے لڑتا رہوں گا۔ دین کیلیے ڈی سیٹ ہونے پر خوش قسمت ہو ں گا، حلقہ این اے ون کا رکن ہوں اللہ کے سامنے بھی نمبر ون بن جاؤں گا ، ان لوگوں نے عوام کیلیے کچھ نہیں کیا ، یہ چترال کے لیے ایک یونیورسٹی نہیں بنا سکتے۔اپوزیشن لیڈر اگلے الیکشن میں ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈر ہے، اس لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی کیا حیثیت ہے؟ میں اپوزیشن لیڈر کو قبول نہیں کرتا، جس کا حکومت اور اپوزیشن لیڈر کو درد ہے۔