مزید خبریں

پی ٹی آئی سرنگیں بچھا کر گئی تھی‘ ہم نے عبور کرلیں، خواجہ آصف

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہمارے وزیر خزانہ نے بہت بہادری کے ساتھ یہ چند ماہ گزارے ہیں، جو سرنگیں پی ٹی آئی بچھا کر گئی تھی ہم نے انہیں عبور کرلیا ہے، کچھ لوگ کہتے تھے کہ ملک ڈوب جائے گا، ملک سری لنکا بن جائے گا، مگر یہ وزیر خزانہ اور وزیراعظم کی جرات ہے، ایسے دن بھی آئے کہ ہمیں اگلے دن کا علم نہیں ہوتا تھا کہ حکومت یا معیشت بچے گی یا نہیں؟ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز قومی اسمبلی اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خدا کیلیے ارکان ٹیکس چوروں کی سفارشات نہ کریں جو اربوں کروڑوں کا ٹیکس چوری کرتے ہیں۔ ان کے لوگ اقتدار کے ایوانوں میں پہنچ چکے ہیں،افسوس کی بات ہے کہ سیاستدانوں کے ساتھ مذہبی لوگ بھی ان لوگوں کی سفارشات کرتے ہیں، بات سفارش سے بھی اوپر چلی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تائید کرتا ہوں سگریٹ کی انڈسٹری کی برٹش ٹوبیکو اور فلپس کا 60 فیصد حصہ ان کے پاس ہے وہ 191 ارب روپے کا ٹیکس ادا کررہے ہیں مگر دیگر 40 فیصد صرف 2 ارب کا ٹیکس دیتے ہیں یہ افسوس کی بات ہے کہ اس 40 فیصد حصے کو ٹیکس نیٹ میں نہیں لے سکتے۔