مزید خبریں

اسلامی نظام نہ ہونے سے حکمران بھیک مانگنے پر مجبور ہیں‘ حافظ ادریس

 

لاہور(نمائندہ جسارت) مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ امت مسلمہ اللہ کی ناراضگی سے بچنے کے لیے اجتماعی توبہ و استغفار اور آپس میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرے۔ اسلامی نظام حکومت میں لوگ زکوٰۃ لینے والا ڈھونڈا کرتے تھے، آج حکمران بھیک مانگنے پر مجبور ہیں۔ پوری دنیا میں مسائل و پریشانیاں طاغوتی نظام کی وجہ سے ہیں۔ عالمی مالیاتی ادارے اور آئی ایم ایف نت نئے طریقوں سے لوگوں کو اپنا غلام بنا رہے ہیں۔ پاکستان میں نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ہر انسان آئی ایم ایف کا غلام ہے اور مزید غلامی میں دھکیلا جا رہا ہے۔ عوام شاید اپنی پوری زندگی اسی غلامی میں گزار دیں اور آزادی حاصل نہ کر سکیں۔ سود ایک لعنت ہے، سودی کاروبار کرنے والوں پر اللہ کی پھٹکار ہے۔ سود ظلم و جبر کا دوسرا نام اور اس سے لوگوں کی زندگیاں تباہ ہو جاتی ہیں۔ ہمارے پاس اسلام کا زکوٰۃ و عشر کا بہترین نظام موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ سودی نظام سے کبھی خوشحالی نہیں آ سکتی۔ ہر دن غریب کے لیے مشکل اور مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ آئی ایم ایف کے سودی نظام نے ملک کو کھوکھلا اور معیشت تباہ کر دی ہے۔ حکمرانوں کو اپنی جی حضوری اور فرمانبرداری تک محدود کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، لوگ روٹی کے چند نوالوں کے لیے پریشان، چولہے ٹھنڈے اور پیٹ خالی ہیں۔ ادویات غریب کی پہنچ سے دور، علاج کرانا ناممکن ہو چکا ہے۔2 وقت کی روٹی کی فکر نے لوگوں سے خوشیاں چھین لیںاور دکھوں اور پریشانیوں نے ان کے گھروں میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے اشیائے خورونوش اور بجلی، پیٹرول اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر کے عوام سے قوت خرید کا حق بھی چھین لیا ہے۔ غربت اور بے روزگاری عوام کا مقدر بن گئی۔ اپنے کپڑے بیچنے والے حکمرانوں نے غریبوں کو کپڑے بیچنے پر مجبور کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ قوم آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے، نئی قیادت جماعت اسلامی کے پاس موجود ہے، اسے موقع دیا جائے۔ ہم چہرے نہیں نظام بدلیں گے جس میں ہر شخص خوشحال ہو گا۔
حافظ ادریس