مزید خبریں

بلاول اسٹیل مل ملازمین کی بحالی کا وعدہ پورا کریں، حسین محنتی

کراچی (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول زرداری پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کی بحالی کا اپنا وعدہ پورا کریں۔ پاکستان اسٹیل ملک کا اہم صنعتی ادارہ ہے جو سابق ادوار میںکرپشن، بدانتظامی کی وجہ سے تباہ کردیا گیا اور ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کردیا گیا، ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان اسٹیل کو روس اور مقامی ماہرین کے تعاون سے فوری بحال کیا جائے اور ہزاروں محنت کشوں کے روزگار کوبھی بحال کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے سینئر نائب صدر ظفر خان اور نظام الدین شاہ کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا، اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ سابق حکومت نے بھی وعدوں کے باوجود مل کو نہیں چلایا اور موجودہ حکمران بالخصوص بلاول زرداری نے اسٹیل مل کے محنت کشوں سے بحالی کا وعدہ کیا ہے جسے پورا کیا جائے تاکہ پاکستان اسٹیل کی بحالی سے روزگار میں اضافہ ہو، ساتھ ہی قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوسکے اور حکومت کی آمدنی میں بھی ڈیوٹی اور ٹیکسز کی مد میں اضافہ ہوسکے، اس سلسلے میں روس کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے۔محمد حسین محنتی نے ای اوبی آئی کے پنشنرز کو دی جانے والی پنشن میں بھی اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔