مزید خبریں

تیونس کے سابق وزیر اعظم منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار

تیونس سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) تیونس کی پولیس نے سابق وزیراعظم حمادی جبالی کو سوسہ شہر سے منی لانڈرنگ کے الزام میں حراست میں لے لیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس میں معروف سیاسی جماعت النہضہ تحریک کے سابق رہنما اور 2011 ء سے 2013 ء تک ملک کے وزیراعظم رہنے والے حمادی جبالی کو گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم کی گرفتاری منی لانڈرنگ کیس میں عمل میں لائی گئی ہے۔ انہیں سوسہ شہر سے گرفتار کیا گیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق حمادی جبالی کے اہل خانہ نے فیس بک پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کے موبائل فون تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ اہل خانہ نے مزید بتایا کہ سابق وزیراعظم کو نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا ہے اور ہم سے بات بھی نہیں کروائی جا رہی ہے اور نہ ہی قانونی مشیروں کو ان تک رسائی دی گئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 124 ارکان نے اسمبلی کی معطلی کے باوجود آن لائن اجلاس کیا تھا ، جسے بغاوت قرار دیتے ہوئے صدر قیس سعید نے 31 مارچ کو پارلیمان تحلیل کردی تھی۔اس سے کئی ماہ قبل صدر قیس سعید نے پارلیمان کو معطل کرکے سارے اختیارات اپنے پاس رکھ لیے تھے۔ سابق وزیراعظم حمادی جبالی کی گرفتاری کو بھی اپوزیشن نے صدر قیس سعید کی آمرانہ ذہنیت کی غماز قرار دیا۔ واضح رہے کہ حمادی جبالی اسلامی تنظیم کے بانی ارکان میں سے ہیں ۔