مزید خبریں

مکہ مکرمہ: عازمین حج کو غیر معیاری کھانا فراہم کرنے پر سزا

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی حکومت نے عازمین حج کو غیر معیاری اور مضر صحت کھانا فراہم کرنے کے حوالے سخت سزائوں کا اعلان کردیا۔ سعودی حکام کے مطابق حجاج کرام میں غیر معیاری کھانا تقسیم کرنے پر مکمل پابندی ہے اور اس میں ملوث کسی بھی شخص کو فوری سزا دی جائے گی۔سعودی عرب میں کھانے کے حوالے سے خلاف ورزیوں کو سخت جرم سمجھا جاتا ہے اور مجرمان کے لیے کوئی چھوٹ نہیں ہے۔ سعودی استغاثہ کے مطابق اگر ملزمان کا جرم ثابت ہو جائے گا تو انہیں 10سال تک قید اور ایک کروڑ سعودی ریال تک جرمانہ ہو گا۔قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کا لائسنس معطل کر دیا جائے گا اور انہیں کسی بھی شعبے میں کام کی اجازت نہیں ہو گی۔دوسری جانب حرمین شریفین کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں حج سیزن میں زائرین کی سہولت اور آسانی کے لیے غیر معمولی اقدامات میں دونوں مقدس مقامات کی قالینوں کی صفائی ستھرائی اور انہیں معطر کرنے کا عمل بھی شامل ہے۔ مسجد نبوی میں 25 ہزار قالین ہرنماز سے قبل خوشبو سے معطر کیے جاتے ہیں۔