مزید خبریں

پاک بھارت کرکٹ بحالی ، گنگولی سے بات چیت مفید رہی ، رمیز راجا

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کے چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ بی سی سی آئی صدر سارو گنگولی سے بات ہوئی ہے ، پاکستان اور بھارت کرکٹ سیریز کے درمیان بھارتی کرکٹ بورڈ کو درپیش مصلحتیں حائل ہیں، گنگولی کی جانب سے 2 مرتبہ آئی پی ایل میں مدعو کیا گیا، یہ سیاسی مسئلہ ہے، کرکٹ کا مسئلہ ہوتا تو اب تک حل ہوچکا ہوتا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے میتھیو ہیڈن کو دوبارہ پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا اراد ہ ہے، وزیر اعظم بدلنے سے چیئرمین کی تبدیلی روایت ہے تو یہ ٹھیک روایت نہیں۔ گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے بتایا کہ پی سی بی کے گورننگ بورڈ نے نئے مالی سال کے لیے 15ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی ، منظور شدہ بجٹ کا 78فیصد کرکٹ سے متعلقہ سرگرمیوں پر خرچ ہوگا۔رمیز راجا نے بتایا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے کھلاڑیوں کے مشاہرہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے، سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی تعداد 20سے بڑھا کر 33کردی گئی ہے ساتھ ہی ہم سینٹرل کنٹریکٹ میں پہلی مرتبہ ریڈ بال اور وائٹ بال متعارف کرا رہے ہیں۔چیئرمین کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ورلڈ کپ ٹی 20 میں ٹیم بدلنا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا، ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرانے سے ٹیم کی کمرشل ویلیو میں اضافہ ہوا۔ یہ تمام اقدامات کرنے کا مقصد کھیل اور کھلاڑیوں کو عزت دینا ہے۔ پی ایس ایل میں آمدنی میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ اکتوبر میں جونئیر لیگ متعارف کرائیں گے۔پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی سے بات ہوئی ہے اور میں ان کو یہی بتاتا ہوں کہ 3 کرکٹرز ہیں جو اس وقت بورڈز کا حصہ ہیں تو میں نے کہا اگر ہم کوئی فرق نہیں لاسکے تو فائدہ کیا ہے؟، پاکستان اور بھارت کرکٹ سیریز کے درمیان بھارتی کرکٹ بورڈ کو درپیش مصلحتیں حائل ہیں، گنگولی کی جانب سے 2 مرتبہ انہیں آئی پی ایل میں مدعو کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت دراڑیں ہیں جن کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا۔ یہ سیاسی مسئلہ ہے، کرکٹ کا مسئلہ ہوتا تو اب تک حل ہوچکا ہوتا۔ نیوز کانفرنس میں چیئرمین پی سی بی نے اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق آسٹریلوی بیٹر میتھیو ہیڈن کو دوبارہ پاکستانی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ، میتھیو ہیڈن کو ہم دوبارہ انگیج کریں گے ۔