مزید خبریں

پاکستان اولمپک انوائرمنٹ کمیشن کے زیر اہتمام اولمپکس ڈے پر تقریب کا انعقاد

کراچی (سید وزیر علی قادری):انٹرنیشنل اولمپکس ڈے کے موقع پر پاکستان اولمپک انوائرمنٹ کمیشن کے تحت کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڑ پر رنگارنگ تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ہاکی اولمپئین اصلاح الدین، اولمپئن باکسر ملنگ بلوچ، کراچی ڈولممنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل سید محمد علی شاہ، سائوتھ ایشین کراٹے گولڈ میڈلسٹ کلثوم ہزارہ، باکسر رضیہ بانو، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی نائب صدر فاطمہ لاکھانی، ممبر ویمن کمیشن تہمینہ آصف، ایس او اے کے سیکرٹری احمد علی راجپوت، پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر خالد رحمانی ، کے ایس ایف کے چیئرمین آصف عظیم، صدر وسیم ہاشمی، کے ڈی اے کے ممبر فنانس شجاعت حسین، ڈائریکٹر اسپورٹس ایازمنشی، کوارڈینیٹر محمد نسیم پیرا اولمپک کے اسپیشل بچوں سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر اولمپک کے لو گو پر مبنی خصوصی طور پرتیار کیاگیاکیک کاٹا گیا ، اولمپئینزنے دیگرمہمانوں کے ہمراہ سرسبز پاکستان شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اولمپئین اصلاح الدین کاکہنا تھا کہ اولمپکس کھیل ایک قدیم روایت ہیں اور ان کا آغاز یونان سے ہوا، بین الاقوامی اولمپکس ڈے منانے کا مقصد دنیا میں کھیلوں اور صحت بخش سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کراچی میں انٹرنیشنل اولمپک ڈے کی تقریب کے انعقاد پر پاکستان اولمپک انوائرمنٹ کمیشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب میں کھیلوں کی نمایاں شخصیات سمیت مختلف صوبائی اور فیڈریشنز کے نمائندوں کی شرکت اس امر کی غماز ہے کہ ہم سب اپنے شہر میں کھیلوں اور صحت بخش سرگرمیوں کا فروغ چاہتے ہیں اور اس میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے کے متمنی ہیں۔