مزید خبریں

زرعی ایمرجنسی کی ضرورت ہے ، احمد جواد

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب صدر پاکستان بزنس فورم و ایف پی سی سی آئی کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت کے سابق سربراہ چودھری احمد جواد نے کہا ہے کہ حکومت کو وفاقی بجٹ میں کھاد کی قیمتوں میں کٹوتی اور ٹیوب ویلوں پر محصولات سمیت ٹھوس اقدامات کا اعلان کرنا چاہیے تھا تاکہ آنے والے شرح نمو میں واضع بہتری نظر آتی۔ پچھلے بجٹ میں بھی وفاقی حکومت زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے کوئی نئے اقدام کا اعلان نہیں کر سکی تھی، زرعی قرضوں کے آسان حصول و سود کی شرح کوکم کیا جائے ، آپ کسان کو زرعی قرض کی آسان اور سستی سہولیات دیں اور نتیجتا حکومت کو تگڑی جی ڈی پی گروتھ ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ ایک موثر اور قابل عمل ہارٹی کلچر اور زراعت کے لیے برآمدی پالیسی بنائی جائے، اسی طرح پاکستان کو چار ارب ڈالر کی مالیت سات ملین گانٹھوں کی درآمد کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حال ہی میں ، ملک میں کپاس کی پیداوار حجم کے لحاظ سے 30 سال کی کم ترین پر ہے۔ حکومت کو ملک میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ بجٹ تجاویز میں ، احمد جواد نے کہا کہ حکومت کو ہارٹیکلچر کی صنعت کو سہولت دینے کے لیے بجٹ میں ٹھوس پیکیج کا اعلان کرنا ہوگاکیونکہ عالمی تجارت اس شعبہ میں 200 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو فی ایکڑ پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے نجی عوامی شراکت کے تعاون سے پاکستان میں مقامی ہائبرڈ بیج کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے چاہئیں۔ “دنیا زراعت کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے مصدقہ بیج کے استعمال پر توجہ دے رہی ہے۔” زراعت کے فروغ کے لیے زرعی شعبہ کے فارغ التحصیل طالبات کے لیے قرض کی اسکیم بھی بجٹ میں مختص ہونی چاہئے تھی۔