مزید خبریں

کینیڈا سے کاروباری شراکتوں کے بھر پور مواقع موجود ہیں ، عبدالحمید

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کینیڈا کے دورے پر آئے ہوئے 15 پاکستانی کمپنیوں کے وفد نے50 کینیڈین آئی ٹی کمپنیوں کے ساتھ کاروباری نشست میں شرکت کی۔دونوں ملکوں کی آئی ٹی کمپنیوں اور اداروں کے درمیان اس جامع نیٹ ورکنگ نشست کا اہتمام کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں کیا گیا جس کا اہتمام ٹورنٹو میں قائم پاکستان قونصل خانے نے کیا۔کینیڈا میں پاکستان ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیٹ ورکنگ سیشن میںپاکستانی آئی ٹی ماہرین کی تنظیم اوپن کے علاوہ شمالی امریکا میں قائم فاسٹ نو ایلمونائی ایسوسی ایشن کے عہدہ داران اور ارکان بھی موجود تھے۔پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے وفدنے قونصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو عبدالحمیدکی دعوت پر ٹورنٹو میں جاری کولیڑن ٹورنٹو کانفرنس 2022 میں شرکت کی جس کا دنیا بھر بالخصوص شمالی امریکا میں آئی ٹی سیکٹر کے بڑے ترین اجتماعات میں شمار ہوتا ہے۔نیٹ ورکنگ سیشن میں شریک کینیڈین آئی ٹی کمپنیوں نے ہیلتھ ٹیک،ا سٹارٹ اپس، فن ٹیک، گیمز اور اینی میشنز کے شعبوں میں پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ باہمی اشتراک میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو عبد الحمید نے پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کو تیزی سے بڑھتی ہوئی کینیڈین آئی ٹی مارکیٹ پر توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا کہ کینیڈین آئی ٹی صنعت ملک کی عمومی معیشت کی نسبت زیادہ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس میں پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں کے لیے باہمی کاروباری شراکتوں کے بھر پور مواقع موجود ہیں۔کانفرنس میں شریک پاکستانی مندوبین نے پاکستان میں آئی ٹی صنعت کے فروغ میں حکومت پاکستان اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن(پاشا) کے متحرک کردار کا خصوصی ذکر کیا۔