مزید خبریں

حیدرآباد: مرحوم ملازمین کے بچوں میں ملازمت کے آرڈرز تقسیم

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)شیخ الجامعہ سندھ جامشورو پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے فوتی کوٹا کے تحت 10 لوگوں کو ملازمت اور ٹیکنیکل اسکیم کے تحت 20 ملازمین کو پروموشن کے آرڈرز دیے۔ آرڈرز تقسیم کرنے کی تقریب وائس چانسلر آفس میں منعقد ہوئی، جس کی دوران رجسٹرار ڈاکٹر غلام محمد بھٹو، ایڈیشنل رجسٹرار عبدالمجید پنہور اور فوکل پرسن سندھ یونیورسٹی لاڑکانہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ بھی موجود تھے۔ شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے اس موقع پر فوتی کوٹا کے تحت 10 افراد کو ملازمت کے آرڈرز دیے۔ انہوں نے پروفیسرز پر مشتمل کمیٹی کی سفارشات اور سینڈیکیٹ کی منظوری سے ٹیکنیکل اسکیم کے تحت 20 ملازمین کو اگلے گریڈز میں ترقی کے آرڈرز بھی دیے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شیخ الجامعہ سندھ ڈاکٹر کلہوڑو نے کہا کہ ان کے ڈیڑھ سالہ مدت کے دوران یہ دوسری بار ہے کہ وفات پانے والے ملازمین کی اولاد کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمت کے آرڈرز دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے مالی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اپنی مدت کے دوران تاحال کسی کو بھی کوئی ملازمت نہیں دی، تاہم مختلف اطراف سے دبائو ڈالا جا رہا، کیونکہ ماضی کے وائس چانسلرز 16 گریڈ تک کی ملازمتوں کے آرڈرز بھی جاری کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ فوتی کوٹا کے تحت ملازمت حاصل کرنے والے ملازمین ایمانداری سے اپنے فرائض کی ادائیگی کریں اور اپنی تعلیم بہتر کریں تاکہ مستقبل میں وہ بڑے عہدوں تک بھی پہنچ سکیں۔