مزید خبریں

مہنگائی میں اضافہ عوام کو پریشان کرنے کے مترادف ہے،ذکر اللہ مجاہد

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پسی عوام پر پیٹر ول پر 10 فیصدریگولیٹری ڈیوٹی اورفیول اجسٹمنٹ کے نام پر بجلی کی قیمت 7 تک کا مزید اضافہ ظلم و بربریت کی انتہا ہوگا۔ لوگ پہلے سے ہی بے تحاشا مہنگائی کے ہاتھوں پریشان فاقوں اور خدکشیاں کرنے پر مجبور ہیں ایسے میں آئی ایم ایف کی ایما پر قرضوں کے حصول کیلیے 440 ارب روپے کے نئے ٹیکسز لگانے سے ملک میں مہنگائی کا بہت بڑا طوفان آجائے گا جس کو کنڑول کرنا آنے والے سالوں میں ناممکن ہوجائے گا۔ 22 جماعتوں کی اتحادی حکومت معاشی، سفارتی اور انتظامی طور پر مکمل ناکامی سے دوچار ہوچکی ہے اور عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے غریب اور سفید پوش عوام کا خون نچوڑ رہی ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹرین مارچ کے استقبال کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف مکاتب سے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور سیاسی و سماجی رہنماؤں سے ملاقوں کے دوران کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اپنے کپڑے فروخت کرکے عوام کو سستا آٹا ، روٹی اور دیگر اشیا پر ریلیف فراہم کرنے کے دعوے کررہے ہیں مگر بدقسمتی سے اتحادی حکومت مہنگائی کے ذریعے عوام کا معاشی قتل کررہی ہے۔ امیر لاہور نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اگر حقیقی معنوں میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں تو ملک میں وزیر وں، مشیروں، اعلیٰ افسروں، جنرنیلوں، ججوں کی مراعات اور تنخواہوں میں 50 فیصد کمی کا اس وقت تک اعلان کریں جب تک ملک معاشی طور پر مضبوط نہیں ہوجاتا اور ہر سطح پر زکوٰۃ و عُشر کے نفاذ اور دیگر انقلابی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن و سنت کے نظام کو رائج کر کے ہی ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی یہ اہلیت رکھتی ہے کہ پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈال سکے۔ ان شاء اللہ کل سے مہنگائی، کرپشن اور سودی معیشت کیخلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی قیادت میں ہزاروں افراد ٹرین مارچ میں شرکت کریں گے۔