مزید خبریں

کھاد کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے ،سردارظفر حسین

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفرحسین خان نے یوریا کھاد کی بلیک مارکیٹنگ اور قیمتوں میں ناجائز اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں نے یوریا کھاد کی قیمت تین ہزار سے بھی بڑھا دی ہے جس سے گنے کی کاشت متاثر ہونے کا خدشہ ہے جس پیداوار میں کمی ہو گی بلکہ آئندہ سیزن میں چینی کی قلت اور اس کی قیمتوں میں اضافے کا بھی ہوگا ۔ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے مارکیٹوں میں سرکاری قیمتوں پر کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنانے میںناکام ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یوریا کھاد کی بوری کی قیمت 1760 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ناجائز منافع خوروں اور ڈیلرز کی جانب سے مارکیٹوں میں یوریا کھاد کی قیمت 3 ہزار روپے سے بھی بڑھ گئی ہے مارکیٹ میں سبسڈائزڈ اور سرکاری قیمت پر زرعی کھاد میسر نہ آنے کی وجہ سے گندم کے بعد کماد اور کپاس سمیت دیگر سبزیوں کی فصلوں کی پیداوار متاثر ہونے کے خدشات منڈلا نے لگے ہیں۔ زرعی کھادوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے کاشتکار پریشانی کا شکار ہیں۔کھاد میسر نہ آنے کی وجہ سے گندم کی فصل متاثر ہوئی اور گندم کی فصل کی پیداوار میں واضح کمی دیکھنے میں آئی اور حالیہ دنوں میں زیر کاشت گنے، کپاس اورسبزیوں سمیت دیگر فصلوں کو مناسب مقدار میں زرعی کھاد میسر نہ آنے کی وجہ سے ان کی پیداوار بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ زرعی کھادوں کی قیمتوں میں کیے گئے خود ساختہ اضافے کی وجہ سے چھوٹا کسان فصلوں کی کاشت کے وقت زرعی کھادوں کے استعمال سے بھی قاصر ہو گیا ہے۔