مزید خبریں

تمام درخواستیں مسترد،ہائیکورٹ کا سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر کرانے کا حکم

کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ایم کیوایم ، پی ٹی آئی اور دیگر کی درخواستوں کی سماعت ہوئی ،عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات روکنے سے متعلق تمام درخواستیں مسترد کرتے ہوئے کہاکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات وقت پر ہوں گے، سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی الیکشن کمیشن کاکہناتھا کہ اگر کسی نے پرامن ماحول خراب کرنے کی کوشش کی تو سختی سے نمٹا جائے گا ،پہلے مرحلے میں26 جون اور دوسرے میں24 جولائی کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے ، پر امن
انتخابات کو خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا دوسری جانب ایم کیو ایم کے وکیل فروغ نسیم نے اپیل میں جانے کاعندیہ دے دیاجبکہ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کاکہناتھا کہ ہم عدالت عظمیٰ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے ،حکومت سندھ اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ہوگی،عدالت عظمیٰ نے فروری میں فیصلہ دیا سندھ حکومت نے قانون سازی کیوں نہیں کی،اب جون چل رہا اس وقت تک قانون سازی ہو جاتی ، لیکن پیپلز پارٹی وفاق میں لوٹے بنانے میں مصروف تھی قانون سازی کیسے ہوتی، بعدازاں عدالت نے مختصر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات اپنے مقررہ وقت پر کرانے کا حکم دیدیا،عدالت کاکہناتھاکہ تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کو سنا گیا ہے ،تمام درخواستیں مسترد کی جاتی ہیں،تفصیلی فیصلہ اور وجوہ بعد میں جاری کی جائیں گی۔