مزید خبریں

روس پر پابندیوں سے پاکستان سمیت کئی ممالک متاثر ہوں گے، دفتر خارجہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ روس پر پابندیوں سے پاکستان سمیت کئی ترقی پذیر ممالک متاثر ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ہم بھارت سے زیر التوا مسائل کے حل کے لیے بامقصد اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں،ماحول کو سازگار بنانا بھارت کی ذمہ داری ہے،بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی حمایت کرتا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر افغان بھائیوں کے لیے امداد فراہم کی گئی، زلزلہ سے نقصان پر دلی تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ بلاول زرداری نے فرینڈز آف گروپ کے اجلاس میں ڈس انفارمیشن کے مقابلے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور منظم حکمت عملی اپنانے پر زور دیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ کینیڈین پارلیمان میں پاکستان کے اندرونی معاملات سے متعلق دیے گئے بے بنیاد اور غلط ریمارکس پر کینیڈین ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔پاکستان بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیر میں مزید11 کشمیریوں کی ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔