مزید خبریں

سندھ بجٹ میں کراچی کیلیے صرف 10 ارب رکھنا ظلم ہے‘ عبدالرشید

کراچی (نمائندہ جسارت) رکن سندھ اسمبلی اور جماعت اسلامی کے رہنما سید عبدالرشید نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ لیاری جنرل اسپتال میں کتے کے کاٹے سے علاج کے لیے اینٹی ریبیز ویکسین دوپہر 12 بجے کے بعد نہیں ملتی‘ افسوس ہے شام میں اگرکسی کو کتا کاٹے تو کیا ویکسین نہیں لگے گی‘ویکسین کی فراہمی 24گھنٹے یقینی بنائی جائے۔ سید عبد الرشید نے کہا کہ اس ملک کی پوری معیشت کی بنیاد اللہ اور اس کے رسول سے جنگ پر رکھی گئی ہے‘ہم اس وقت بجٹ کا30 فیصد سود کی
ادائیگی پر خرچ رہے ہیں‘ ایک مفاد پرست ٹولہ ملک پر مسلط ہے‘ ملک کو سودی معیشت سے نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقیاتی اسکیموں کے لیے صرف10 ارب روپے رکھنا نا انصافی بلکہ ظلم ہے‘ 17 سال سے کراچی پانی کے لیے ترس رہاہے لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے‘ لیاری میں4 سال پہلے جو 17 اسکول کی اسکیم تھی‘ اس کی چوکھٹ میں بھی زنگ لگ گیا ہے‘ بچیوں کو وظائف کی مد میں 3500 روپے فی کس بچی ادا کیے جا رہے ہیں لیکن ایک بچی بھی لیاری کی نہیں ہے جس کو پیسے نہیں ملے ہوں‘ لیاری جنرل اسپتال کے کورونا کے ملازمین آج بھی احتجاج کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیاری جنرل اسپتال ٹراما سینٹر کو بحال کیا جائے۔