مزید خبریں

وفاق اور سندھ کراچی سرکلر ریلوے کی فوری بحالی پر متفق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اور وفاقی حکومت نے متفقہ طور پر تھر کوئلے کیلیے کراچی سرکلر ریلوے ٹریک پر کام شروع کرنے کیلیے فوری طور پر رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق اور ان کی متعلقہ ٹیموں کے درمیان جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔ کے سی آر سمیت قومی مفاد کے میگا پروجیکٹس شروع کرنے کیلیے تمام خامیاں دور کرنے کے بعد تھر کے کوئلے کو ملک کے بالائی علاقوں تک پہنچانے کیلیے ریلوے ٹریک بچھانے، مختلف ہوائی اڈوں کو فعال بنانے اور صوبائی حکومت اور سول اتھارٹی کے درمیان زمینی تنازعات کو اولین ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ
کراچی ایک بڑا شہر ہے اور اس کے ٹریفک کے مسائل صرف ایک جدید کے سی آر سسٹم کے قیام سے ہی حل ہوسکتے ہیں جسے مختلف بی آر ٹی لائنوں کے ساتھ ملایا جائے گا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کے سی آر کو 1964 میں شروع کیا گیا تھا اور 1984 تک یہ ایک مؤثر ماس ٹرانسپورٹیشن پروجیکٹ رہا۔ اس منصوبے کو تمام متعلقہ فورمز سے منظور کیا گیا ہے لیکن زمینی طور پر کچھ نہیں کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین جلد طے ہے جہاں وہ ان کے ساتھ ہوں گے، کے سی آر ایجنڈے میں شامل ہے اور امید ہے کہ اسے منظور کرلیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کے کوئلے سے چلنے والے تمام بجلی کے منصوبوں کو مقامی تھر کے کوئلے سے ایندھن فراہم کیا جائے، اس سے زرمبادلہ کی بچت نہیں ہوگی لیکن درآمد شدہ کوئلے سے سستا ہوگا۔ انہوں نے وزیر ریلوے پر زور دیا کہ تھر کول مائنز سے مین لائن تک ریلوے ٹریک بچھانے کا کام تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے 3 ہوائی اڈوں حیدرآباد، سیہون اور تھر کے مائی بختاور ائرپورٹ کو فعال کرنے کا ایک اور مسئلہ ملاقات میں اٹھایا جس پر وزیر ریلوے و ہوا بازی نے کہا کہ ٹیم نے بتایا ہے کہ حیدرآباد ائرپورٹ پر تجاوزات کے کچھ مسائل ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا کہ اگر ایوی ایشن ائرپورٹ کو فعال کرنے پر راضی ہو جائے تو وہ اس مسئلے کو حل کریں گے۔ اجلاس میں حیدرآباد ائرپورٹ کو فعال بنانے کے طریقوں اور ذرائع کا مطالعہ کرنے کیلیے ایک تکنیکی ٹیم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا اور اسی طرح کا معائنہ سیہون اور تھر ائرپورٹ کیلیے بھی کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنی وزارتوں سے جڑے تمام مسائل حل کرنے کیلیے پرعزم ہیں۔