مزید خبریں

کورونا کی چھٹی لہر میں شدت ، کراچی و حیدرآباد میں ایس او پیز پر عمل کرانے کی ہدایت

اسلام آباد/ کراچی (خبر ایجنسیاں/اسٹاف رپورٹر) سندھ میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا جہاں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مجموعی طور پر شرح 6.10 فیصد رہی جب کہ ملک بھر کے بڑے شہروں میں کراچی میں کورونا کی شرح سب سے زیادہ 15.85 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ قومی ادارہ صحت نے کراچی اور حیدر آباد میں کورونا کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔ قومی ادارہ برائے صحت کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 13 ہزار 941 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 309 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ملک میں کوارونا کے مثبت کیسز کی شرح 2.22 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ 24 گھنٹے میں کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی تاہم 80 مریضوں کی حالت تشویشناک
ہے۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت نے توانائی بچت مہم کے سلسلے میں کاروباری مراکز کے اوقات کار میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق ہفتے کو کاروباری اوقات سے متعلق پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ہفتے کو کاروباری، تجارتی مراکز میں اوقات کار کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اتوار سے جمعے تک ہوٹل اور ریسٹورنٹس 11 کے بجائے ساڑھے 11 بجے بند ہوں گے‘ میڈیکل اسٹورز، اسپتالوں، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز، بیکریز اور دودھ کی دکانوں پر اس فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ ان پابندیوں کا اطلاق 31 جولائی تک ہوگا۔