مزید خبریں

بھارتی عدالت عظمیٰ نے گجرات مسلم کش فسادات میں مودی کو کلین چٹ دیدی

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت کی عدالت عظمیٰ نے گجرات مسلم فسادات کیس میں وزیراعظم نریندر مودی کو بری کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی عدالت عظمیٰ نے گجرات کے مسلم فسادات میں شہید کیے جانے والے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری کی درخواست خارج کردی۔ درخواست میں 2002ء کے گجرات میں مسلم کش فسادات کیس میں اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی سمیت 59
لوگوں کو اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) کی طرف سے دی گئی کلین چٹ کو چیلنج کیا گیا تھا۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے 8 فروری 2012ء کو ایک حتمی رپورٹ جمع کرائی تھی۔ ایس آئی ٹی نے اپنی رپورٹ میں نریندر مودی سمیت 59 لوگوں کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ذیلی عدالت نے بھی ایس آئی ٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر نریندر مودی اور ان کے قریبی ساتھیوں کو کلین چٹ دے دی تھی۔عدالت عظمیٰ کے 3 رکنی بینچ نے ذکیہ جعفری، تحقیقاتی ٹیم اور دیگر کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد دسمبر 2021ء میں کیس میں فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ بھارتی عدالت عظمیٰ نے کیس میں تفتیش کاروں کی طرف سے دائر کی گئی حتمی رپورٹ کو قبول کرتے ہوئے 2013ء کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ گجرات کے مسلم کش فسادات میں ہندو انتہا پسندوں کے حملوں میں ایک ہزار سے زاید مسلمان شہید ہوگئے تھے۔