مزید خبریں

این اے 245ضمنی الیکشن‘ 31امیدوار وں نے کاغذات جمع کرادیے

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے لیے ایم کیوایم کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار سمیت 31 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، جمعہ کو آخری دن 25 نامزدگی فارم جمع کرائے گئے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں پی ٹی آئی کے 4، ایم کیو ایم پاکستان کے5، پاک سرزمین پارٹی کے 3،پیپلز پارٹی کے 4، تحریک لبیک پاکستان کے 3،مسلم لیگ (ن ) کے 2 ، جے یو آئی کے 2، آل پاکستان مسلم لیگ ، پاکستان مسلم الائنس اور عام لوگ اتحاد پارٹی کے 1،1 جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار سمیت 5 آزاد امیدوار شامل ہیں۔ 25جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری ہوگی، 27 جون تک کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور 30 جون تک ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل کی جاسکے گی، جبکہ 4 جولائی تک ان اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے اور 5 جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 6 جولائی کو امیدوار دستبردار ہوسکیں گے اور 7 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے اور 27 جولائی کو پولنگ ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ نشست تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال کے باعث خالی ہوئی ہے۔