مزید خبریں

پی ٹی آئی رہنماؤں پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات کیلیے مشاورت

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف آرٹیکل 6 اور ہتک عزت کے قانون کے تحت مقدمات کے اندراج کے لیے وفاقی حکومت سے مشاورت شروع کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب کے صوبائی وزرا کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف آرٹیکل 6 اور ہتک عزت کے قانون کے تحت مقدمات بنانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ایوان وزیراعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور ملک احمد خان نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائی کے لیے کسی ریاستی ادارے سے اجازت نہیں لینی کیونکہ تمام ثبوت و شواہد موجود ہیں‘ فواد چودھری، قاسم سوری، عمر سرفراز چیمہ ودیگر آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں‘ ان کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ہونی چاہیے جبکہ جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کے خلاف ہتک عزت کے قانون کے تحت مقدمات چلانے پر غور کر رہے ہیں۔ وزیر داخلہ عطا اللہ تارڑ نے کہاکہ عمران خان نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے اختیارات اپنی اہلیہ اور فرح گوگی کو دے رکھے تھے، ابھی ہم نے کیس بنائے نہیں اور وہ ضمانتیں کراتے پھر رہے ہیں، اگر ہم نے کیس بنائے تو ان کا کیا حال ہوگا۔ صوبائی وزیر خزانہ سردار اویس لغاری نے نئے بلدیاتی نظام میں یونین کونسل تک کو مالی طور پر خود مختار بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بلدیاتی نظام ایک انقلابی اقدام ہو گا۔