مزید خبریں

بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ ‘ 14اضلاع میں پولنگ کل ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے سکھر ، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد اور میرپورخاص ڈویژن کے 14 اضلاع میں پولنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، انتخابی مہم بھی گزشتہ رات ختم ہوگئی جبکہ انتخابی سامان آج پریذائیڈنگ افسران کو رینجرز کی نگرانی میں فراہم کیا جائے گا اور سیکورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کے ہزاروں اہلکار تعینات کیے
گئے ہیں ، مختلف کیٹگریوں کی6083 نشستوں کے لیے 24288 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگاجبکہ 1081 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار پاچکے ہیں۔انتخابی شیڈول کے مطابق سندھ میں پہلے مرحلے میں 4 ڈویژن سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد اور میرپورخاص کے 14 اضلاع جیکب آباد، قمبر شہداد کوٹ ، شکار پور، لاڑکانہ، کشمور کندھ کوٹ ، گھوٹکی، خیر پور، شکارپور، نوشہرو فیروز ، شہید بے نظیر آباد(نواب شاہ)، سانگھڑ ، میرپور خاص ، عمر کوٹ اور تھر پارکر میںکل 26 جون کو پولنگ ہوگی۔ٹائون کمیٹیوں ،میونسپل کمیٹیوں ، یونین کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کے وارڈ کونسلرز، ڈسٹرکٹ کونسلرز،یونین کمیٹیوں اور کونسلوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 7164 میں 6083 نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔ پولنگ میں 752 یوسیوں کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 1504 نشستوں کے لیے 6380 ، یوسی وارڈز کی 2926 نشستوں کے لیے 9744، ضلع کونسلر کی 687 نشستوں کے لیے 2604، میونسپل کمیٹی وارڈ کی 340 نشستوں کے لیے 2435 اور ٹائون کمیٹی وارڈ کی 626 نشستوں کے لیے 3325 امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوگا۔ پولنگ کل 26 جون کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ایک کروڑ 14 لاکھ 47 ہزار 88 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے اور 2 کروڑ 95 لاکھ 44 ہزار 790 بیلٹ پیپرز استعمال ہوںگے ، 9290 پولنگ اسٹیشن اور 29977 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں ، جبکہ ایک لاکھ 2ہزار 682 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ خدمات سرانجام دے گا۔پولیس کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں میں سے 1985کو انتہائی حساس، 3448 کو حساس اور باقی کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ سندھ پولیس کے 26545 اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔رینجرز اور فوج اہلکار بھی سیکورٹی کے لیے موجود ہوںگے۔ پولنگ والے دن دفعہ 144 لگا کر اسلحے کی نمائش پر پابندی لگائی گئی ہے، انتخابی نتائج کاسرکاری اعلان 30 جون کوکیا جائے گا۔دریں اثناصوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے تمام سیاسی جماعتوں اور انتخابات میں حصہ لینے والے اْمیدواروں سے درخواست کی ہے کہ وہ قانون پر عمل کریں اور کل 26جون کو منظم اور پْرامن طریقے سے پولنگ میں مدد کریں۔