مزید خبریں

امدادی سامان کی دوسری کھیپ افغان ناظم الامورکے حوالے

 

اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر سیفران محمد طلحہ محمود نے حکومت پاکستان کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی دوسری کھیپ افغان ناظم الامور سردار محمد شکیب کے حوالے کی۔امدادی سامان کی پہلی کھیپ 23 جون کو بذریعہ سڑک بھجوا ئی تھی ۔ سامان حوالگی کی یہ تقریب جمعہ کو نور خان ائر بیس راولپنڈی میں منعقدہ ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ پاکستانی وزارت
خارجہ اور افغان ایمبیسی کے حکام نے بھی شرکت کی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی دوسری امدادی کھیپ میں فیملی خیمے اور اشیائے خورونوش شامل ہیں جسے پی اے ایف سی۔130 ائر کرافٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے نقصان پراظہارافسوس کیا اور کہا کہ پاکستان نے مشکل کی اس گھڑی میں افغانستان حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ افغان ناظم الامور نے فوری امداد پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیاہے۔