مزید خبریں

طریق مکہ پروگرام مملکت سعودی عرب کا عظیم تحفہ ہے،طاہر اشرفی

لاہور (آن لائن) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ طریق مکہ حجاج اور زائرین کے لیے مملکت سعودی عرب کی طرف سے عظیم تحفہ ہے اور آئند ہ سالوں میں دیگر شہروں سے بھی حجاج و زائرین طریق مکہ پروگرام کے تحت حج پر جائیں گے، وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر پاکستان کی وزارت مذہبی امور و حج کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جا رہا ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے میڈیا نمائندوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام اور زائرین کے لیے روز و شب بہتر سے بہتر سہولتیں پیدا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات ایمان اور عقیدے کے ہیں، طریق مکہ پروگرام اتنی بڑی سہولت ہے کہ اس کا تصور بھی آج سے چند سال پہلے نہیں کیا جا سکتاتھا اور اسی طرح یہ سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب کی حکومت اور سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کی ویژن 2030ء کے تحت جو اقدامات حجاج اور زائرین کے لیے کر رہی ہے وہ بھی بے مثال ہیں۔ وزیر اعظم نے طریق مکہ پروگرام کے سعودی عرب کے وفد سے چند روز پہلے ملاقات کی تھی اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ حجاج کی خدمت ایک اعزاز ہے اور حکومت پاکستان نے جس طرح کوشش کی ہے کہ ماضی کے کرونا کے جو 2 برس گزرے ہیں اس سال پوری دنیا کے اندر ریٹس بڑھے ہوئے ہیں لیکن کوشش کی ہے کہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولت دی جائے اور ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تبارک و تعالیٰ حجاج کرام کی خدمت کرنے کی مزید توفیق دے ۔