مزید خبریں

ضمنی الیکشن میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ لاہور کے ضمنی الیکشن میں آئین و قانون کی دھجیاں اڑائی جارہی ہے۔ ضمنی الیکشن میں بے دریغ پیسے کااستعمال کرکے الیکشن کمیشن کے قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کی جارہی ہے۔ ضمنی الیکشن کے حلقوں میں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے پارٹیاں اور جھنڈے تبدیل کرنے والے امیدواران اپنے حلقوں میں لوگوں کے ضمیر خریدنے اور حلقوں میں لاکھوں روپے مالیت کے بل بورڈز لگانے میں مصروف ہیں جن کو کوئی پوچھنے والے نہیں ہے جو قابل مذمت اور الیکشن کمیشن کے اقدامات پر سوالیہ نشان ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے الیکشن کمیشن پنجاب کے عہدیداران سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کیا اور جماعت اسلامی کے لاہور میں ہونے والے ضمنی الیکشن پر تحفظات سے آگاہ کیا۔ جماعت اسلامی کے وفد میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، صدر اسلامک لائرز مووومنٹ لاہور نصر اللہ اولکھ ایڈووکیٹ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور عامر نثار خان، ممبر الیکشن سیل عامر نور خان و دیگر موجود ہیں۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے اس موقع پر الیکشن کمیشن پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ضمنی الیکشن میں شفاف اورجمہوری طریقہ کار میں رکاوٹ بننے والے اورالیکشن رولز کی سرعام خلاف ورزی کرنے والے افراد اور ن لیگ وپی ٹی آئی کے امیدوار ان کے خلاف آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جبکہ لاہور میں شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔