مزید خبریں

ٹرین مارچ کا ہر اسٹیشن پر شاندار استقبال ہوگا ، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر 26جون کو رحیم یار خان سے راولپنڈی تک ٹرین مارچ ہوگا۔ اس حوالے سے تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ کارکنان سمیت عوام کی بڑی تعداد ٹرین مارچ کا حصہ ہوگی۔ لاہور اسٹیشن پر ٹرین مارچ کے شرکا کا شاندار استقبال اور بڑا جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ٹرین مارچ کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جس تیز رفتاری سے مہنگائی، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، اس کی مثال پوری ملکی تاریخ میں نہیں ملتی۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے معیشت کو وینٹی لیٹر پر ڈال دیا ہے۔ ان لوگوں کو بار بار آزمانے سے عوام کو درپیش مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ جماعت اسلامی ہی ملک و قوم کی خدمت کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ کھادوں کی قیمت میں 125فیصد تک اضافے نے زراعت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی ہیں۔ کاشتکار پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، اس پرمستزاد زرعی مداحل کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے نے تمام کسر پوری کردی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں کے لیے اقتدار کا حصول محض پاور کو انجوائے کرنا ہے اور اداروں کو کمزور کرکے اپنی کرپشن چھپانا ہے۔ 76برسوں سے ملک میں یہی کھیل تماشا جاری ہے۔ جاگیر داروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے دل کھول کر لوٹا ہے۔