مزید خبریں

گولارچی،زرعی پانی کی قلت کیخلاف آبادگاروں کا احتجاج

بدین (نمائندہ جسارت )ضلع بدین کے نواحی شہر گولارچی میں جاری زرعی پانی کی قلت کے خلاف مقامی آبادگاروں اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ و دھرنا ، حیدرآباد گولارچی روڈ پر ٹریفک معطل۔تفصیلات کے مطابق گولارچی میں جاری نہری پانی کی شدید قلت کے خلاف معروف سیاسی وسماجی رہنمائوں اصغر نوتکانی،اسماعیل نوتکانی اور جاکھرو نوحانی و دیگر کی قیادت میں دادرکو شاخ کے مقام پر گولارچی حیدرآباد روڈ پر سیکڑوں آبادگاروں اور سیاسی و سماجی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنادیا۔ دھرنے کے باعث گولارچی حیدرآباد روڈ بلاک ہوگیا جس کے نتیجے میں روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔اس موقع پر رہنمائوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت مقامی زرعی معیشت کو تباہ کرنے کے لیے مصنوعی قلت آب کا شکار بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلقہ گولارچی کی معیشت کا مکمل دارومدار زراعت پر ہے جبکہ معاشی بدحالی کے باعث آبادگار طبقہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے جبکہ حکمران خواب خرگوش کے مزے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تعلقہ گولارچی کی نہروں میں جلد پانی فراہم کریں تاکہ دھان کی بوائی عمل شروع ہوسکے۔