مزید خبریں

اسرائیلی فوج کا فلسطینیوں پر تشدد ، فصلیں نذر آتش

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں فلسطینیوں پر تشدد کیا اور ان کی فصلوں کو آگ لگادی۔ خبررساں اداروں کے مطابق قابض فوج نے الخلیل شہر کے مختلف محلوں پر دھاوا بولا اور شادی عابدین، احمد غالب ابو اسینینہ اور حمودہ اکرم جابر کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر ان میں سے 3کو گرفتار کرلیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی شہریوں کی املاک کو گرانا، ان پر قبضہ کرنا اوران کی زرعی اراضی پر کھڑی فصلوں کو آگ لگا دینا اسرائیلی فوج اور پولیس کا معمول بن چکا ہے۔ حالیہ واقعات مقبوضہ بیت المقدس اور بیت لحم میں پیش آئے ہیں،جہاں اسرائیلی بلدیہ نے جانوروں کے باڑے اور پارکنگ ایریا کو منہدم کردیا۔ دوسری جانب بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کی مشرقی دیوار سے متصل تاریخی باب رحمت قبرستان میں آگ بھڑک اٹھی اور دھوئیں کے بادل بلند ہونے لگے۔قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے اسلامی مقدس مقامات کی بحالی کی ضروری کارروائیوں پر پابندی عائد کررکھی ہے۔ اس سے قبل مسجد اقصیٰ کی جنوبی دیوار سے ایک پتھر گرا تھا،جس کی بعد مرمت کا کوئی کام نہیں ہوسکا تھا۔