مزید خبریں

امریکی حکومت اور اپوزیشن گن کنٹرول قانون پر متفق

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں 30 سال بعد حکومت اور اپوزیشن گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر متفق ہوگئی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد دونوں جماعتوں میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ ڈیموکریٹس اور ری پبلکنز سینیٹروں نے گن کنٹرول کے ایک بل کے مسودے پر اتفاق کر لیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے 20 ارکان پر مشتمل کمیٹی نے مذاکرات میں حصہ لیا۔ مجوزہ مسودے میں اسلحہ خریدنے کے لیے 21 سال عمر، اور پس منظر کی سخت چھان بین شامل ہے ۔ اس کے علاوہ اسلحہ اسمگلروں کے لیے سخت سزا مقرر کی گئی ہے جب کہ گھریلو تشدد میں ملوث افراد کے اسلحہ خریدنے پر پابندی عائد ہوگی۔ گن کنٹرول کے اس مسودے کو باقاعدہ قانون بنانے کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں سے اس کی منظوری باقی ہے، تاہم آیندہ ہفتے اس پر دستخط کیے جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا میں فائرنگ کے مسلسل واقعات کے بعد گن کنٹرول کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ڈیموکریٹ رہنما ؤں کا کہنا ہے کہ گن کنٹرول کے لیے قانون سازی پر اتفاق ایک بڑی کامیابی ہے۔ اگرچہ مجوزہ بل میں موجود تجاویز اس سے کہیں کم ہیں، جن کا مطالبہ بہت سے ڈیموکریٹس اور کارکنوں نے بڑے پیمانے پر فائرنگ کے بعد کیا، تاہم بل میں 21 سال سے کم عمر خریداروں کے لیے پس منظر کی سخت جانچ کو شامل کر دیا گیا ہے۔ بل میں ریاستوں کو قوانین پر عمل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے فنڈ کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔