مزید خبریں

سری لنکا کیخلاف سیریز، بابراعظم نے ٹریننگ کا آغاز کردیا

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹریننگ کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے، یہی وہ چیز ہے جو بابر کو دیگر کھلاڑیوں میں ممتاز بناتی ہے۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کی تیاریوں کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کی ٹریننگ 26 جون سے راولپنڈی میں شروع ہوگی لیکن بابر اعظم کے ہمراہ امام الحق بھی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ جاری رکھے ہو ئے ہیں۔ پاکستان ٹیم کا ابھی کیمپ شروع نہیں ہوا لیکن کپتان بابر اعظم نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ٹریننگ جاری رکھے ہو ئے ہیں ۔ کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم بابر اعظم نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں گھنٹوں بیٹنگ پریکٹس کرتے ہیں وہ صبح کے اوقات میں ٹریننگ کے لیے پہنچ جاتے ہیں اور جہاں کوئی کمی محسوس کرتے ہیں اس کے لیے پریکٹس شروع کر دیتے ہیں ۔انفرادی ٹریننگ کے لیے اوپنر امام الحق بھی ان کے ہمراہ ہو تے ہیں۔نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بائیں ہاتھ کے اوپنر امام الحق کو وہاب ریاض نے بولنگ کی، بابر اعظم اور امام الحق کو تھرو ڈائون کے ساتھ بھی پریکٹس کرائی گئی۔ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون جب کہ ٹیسٹ کے چوتھے نمبر کے بیٹر بابر اعظم نے سلیب کی مدد سے خصوصی ٹریننگ کی، اس موقع پر اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ شاہد اسلم نے بائونس کے ساتھ بیٹنگ پریکٹس کرائی۔واضح رہے کہ پاکستان کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سری لنکا میں کھیلی گئی آخری ٹیسٹ سیریز میں یاسر شاہ نے24 وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کو 1-2 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیاتھا۔یاسر شاہ نے آخری مرتبہ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی تھی۔