مزید خبریں

سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی کمی کو ختم کیا جائے،ڈاکٹر زمان

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد زمان بلوچ کی سربراہی میں پی ایم اے کے صوبائی وفد نے سیکرٹری صحت حکومت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ سے اُن کے آفس میں ملاقات کی اور ڈاکٹرز کو درپیش فوری حل طلب مسائل کے سلسلے میں گفتگو کی۔ وفدمیں پی ایم اے سندھ کے نائب صدر ون ڈاکٹر دیالی گل اور نائب صدر ڈاکٹر محمد اسماعیل میمن سمیت دیگر بھی شریک تھے جبکہ ملاقات کے دوران اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ آغا عبدالرحمن بھی موجودہے ۔اس موقع پر پی ایم اے سندھ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد زمان بلوچ نے سیکرٹری صحت سندھ سید ذوالفقار شاہ کو ڈاکٹرز کو درپیش دیرینہ مسائل سے آگا ہ کرتے ہوئے بتا یاکہ اسپیشل کیڈر اور جنرل کیڈر کے تحت ڈاکٹرز کے پروموشن نہیں کیے جا رہے ہیں جبکہ ڈاکٹرز ہیلتھ پروفیشنل اور کووڈ رسک الاؤنس سے بھی محروم ہیں ،ہیلتھ کیئر کمیشن سے پیدا شدہ مسائل اور دیگر مسائل سمیت پی پی ایچ آئی کے ڈاکٹرز کو مستقل کرکے ان کے مستقبل کو تاریک ہونے سے بچایا جائے ۔ڈاکٹر زمان بلوچ نے سیکرٹری صحت کو بتایاکہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی بھی کمی ہے جسے فوری طور پر ختم کیا جائے اور ڈاکٹرز کے علاج و معالجہ اور ان کے فری ڈائیگنوسٹک ٹیسٹ اور دیگر سہولیات فراہم کرکے دیگر مسائل کو حل کیا جائے تاکہ ڈاکٹرزمیں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوسکے ۔پی ایم اے وفد کی جانب سے پیش کیے جانے والے مسائل کو بغور سننے کے بعد سیکرٹری ہیلتھ حکومت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ نے تمام جائز مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ ملاقات کے دوران پی ایم اے سندھ سے باقاعدہ رابطہ رکھنے اور ان کے مسائل حل کرانے کے لیے سیکرٹری صحت نے اسپیشل سیکرٹری ہیلتھ آغا عبد الرحمن کو موقع پر ہی ہدایت جاری کیں کہ وہ آئندہ پی ایم اے کے رہنماؤں سے رابطے میں رہیں اور ان کے مسائل حل کرانے کے لیے ہر ممکن تعاون کیاجائے اور اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کیا جائے۔