مزید خبریں

بجلی نرخ میں اضافے کی تیاری ،جماعت اسلامی کا تحریک چلانے کا اعلان

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے یکم جولائی سے12 روپے بجلی کے یونٹ میں اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔جماعت اسلامی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے۔ اس کے علاوہ 5 روپے فی یونٹ سبسڈی بھی ختم کردی گئی ہے یعنی مہنگائی کے مارے عوام کو فی یونٹ کم ازکم 17 روپے اضافی دینے پڑینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی بار بار قیمت بڑھنے سے فیول ایڈجسٹمنٹ کے اضافی ہزاروں روپے بھی غریب عوام کو بھرنے پڑینگے،اس حکومت سے کسی بھی بھلائی کی توقع نہیں کیونکہ یہ سب ملے ہوئے ہیں،عوام پر ظلم اور زیادتی نیز اربوں روپے کی لوٹ مار کے خلاف جماعت اسلامی تحریک چلائے گی۔عقیل احمد خان نے کہا کہ حکومت ونیپرا گٹھ جوڑ نے حیدرآباد کے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے،مہنگائی میں ہر روز اضافہ حکومتی کرپشن اور نااہلی کا تازہ ظلم ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی مسلسل بجلیاں گرائی جارہی ہیں، موجودہ حکومت مہنگائی، کرپشن، نااہلی کی بجلی بن کر قوم پر گری ہے حکمرانوں نے عوام کو صرف تکلیفیں اور پریشانیاں دی ہیں،انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کے یونٹ میں اضافہ واپس لیا جائے، فیول ایڈجسٹمنٹ کو ختم غریب عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے۔