مزید خبریں

آئی ایم ایف نے مزید شرط نہ رکھی تو معاہدہ ہوجائے گا،وزیراعظم

اسلام آباد،مری (خبر ایجنسیاں)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور سعودی عرب کب تک ہماری مدد کرتے رہیں گے؟ ہمیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہوگا، آئی ایم ایف سے تمام شرائط طے ہوگئیں اگر کوئی نئی شرط نہ آئی تو معاہدہ جلد ہوجائے گا۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں آپ کو اعتماد میں لینے کے لیے بلایا ہے، گزشتہ حکومت کو ساڑھے تین سال عوام کا کوئی خیال نہیں آیا، ہمارا موقف تھا کہ ہم انتخابی اصلاحات کرکے الیکشنز کی طرف جائیں گے لیکن اب اتحادیوں کا متفقہ فیصلہ ہے کہ حکومت 14 ماہ کی مدت پوری کرے۔وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے نئی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں، پٹرول سستا کرنے کے لیے گزشتہ حکومت نے کوئی فنڈنگ نہیں کی، حکومت میں آنے کے بعد سے متعدد چینلنجز کا سامنا ہے، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، ہمیں اس قوم کی حالت بہتر کرنے کے لیے اہم اقدامات کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس قوم کو اللہ تعالی نے بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال رکھا ہے، ایک مثال ریکوڈک ہی ہے جس سے ہم اب تک استفاد نہیں کرسکے یہ قوم کا نہیں بلکہ قیادت کا قصور ہے اس معاملے کو غلط طریقے ہینڈل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ پٹرولیم لیوی تیس روپے بڑھانے کا معاہدہ کیا، عمران خان کی حکومت نے اربوں روپے کی سبسڈی دے کر خزانہ خالی کردیا اور کارٹلز کو فائدہ پہنچایا۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم اگر فیصلہ کرلیں کہ تاریخ کا رخ موڑنا ہے تو اللہ تعالی بھی مدد کرے گا، ہم کب تک چین سے مانگتے رہیں گے، سعودی عرب ہمارا بھائی ہے لیکن وہ کب تک ہماری مدد کرے گا؟ چین اور سعودی عرب کہتے ہوں گے کہ ہم کب تک اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے؟وزیراعظم نے کہا کہ پہلے ریاست ہے اور بعد میں سیاست، اگر خدانخواستہ ریاست کو کچھ ہوا تو سیاست بھی نہیں رہے گی، گزشتہ حکومت نے قوم کا وقت اور وسائل برباد کیے، گزشتہ حکومت کے غلط فیصلوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا اور ہمیں اشیا کی قیمتیں بڑھانی پڑیں۔انہوں نے کہا کہ جو بھی معاہدہ کیا جائے وہ تسلیم کرنا پڑتا ہے یا تو معاہدہ کیا ہی نہ جائے، آج آئی ایم ایف کہتا ہے کہ ہم آپ پر کیسے اعتبار کریں؟ گزشتہ حکومت نے ہم سے جو معاہدہ کیا اس پر عمل نہیں ہوا۔شہباز شریف نے کہا کہ میں قوم سے غلط بیانی نہیں کروں گا اور سچی بات کروں گا، قوم کو ہرگز دھوکا نہیں دوں گا اور یہ نہیں کہوں کہ ہم دودھ اور شہد کی نہریں بہادیں گے، اربوں ڈالر پاکستان لے آئیں گے اور نیا پاکستان بنادیں گے، ہم پرانا قائد اعظم والا پاکستان ہی بنائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے تقریباً تمام شرائط طے ہوچکی ہیں اگر کوئی نئی شرط عائد نہیں ہوئی تو جلد معاہدہ ہوجائے گا لیکن آئی ایم کے معاہدے کے نتیجے میں کیا راتوں رات مہنگائی آجائے گی؟ ایسا ہرگز نہیں ہے، ہمیں اپنا مالیاتی نظام مضبوط کرنا ہوگا، ہمیں اسلامی ممالک سے تجارت کے ذریعے بھی مدد ملے گی، لیکن یہ ہماری اور اداروں کی ذمہ داری ہے کہ شبانہ روز محنت کریں اور خواہشات کو قربان کردیں، ہم ہمت کرکے وہ فیصلے کریں جس سے ملک خوشحال کی جانب گامزن، ابھی مشکلات آنی ہیں ہمیں اپنی ذات سے ہٹ کر فیصلے کرنے ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار امیر افراد کی آمدنی پر ٹیکس عائد کیا جارہا ہے ہم صاحب ثروت افراد کی نیٹ انکم پر ٹیکس عائد کرنے جارہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے چین کو بھی ناراض کیا، دوست ممالک کو ناراض کرنا کہاں کی دانش مندی ہے؟ یہ ہے نیا پاکستان؟ آپ چین سے مدد لیں اور اس پر الزامات بھی عائد کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم مشکلات سے نبرد آزما ہوتے ہوئے پاکستان کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے، اس کیلیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، 12 بجے اٹھ کر بھاشن دینے سے ملک ترقی نہیں کرتے، دن رات محنت کو اپنا شعار بنانا ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آہستہ آہستہ کشکول توڑ کر دم لیں گے اور قومی وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہبازشریف نے ملک میں قیمتی معدنیات کی تلاش اور حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی پیداوار اور دیگر صنعتوں میں استعمال ہونے والے خام مال کا زیادہ سے زیادہ حصہ مقامی سطح پر پیدا کر کے ملک کا قیمتی زر مبادلہ بچایا جا ئے۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیربرائے ہاسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کی سربراہی میں آل پاکستان مائنز اینڈ منرلز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سطح پر اعلی کوالٹی کا کوئلہ، لوہا اور دیگر قیمتی معدنیات کی تلاش اور نکاسی کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ مری ایکسپریس وے کی مرمت کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، ہر 15کلومیٹر پر بہترین معیار کے ریسٹ ایریاز بنائے جائیں، غیر قانونی تعمیرات کو روکا جائے، نیو مری کیبل کار اور چیئر لفٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے لیے انٹرنیشنل بڈنگ کرائی جائے، تعمیراتی منصوبوں سے مری کے قدرتی حسن اور لینڈ سکیپ کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ جمعرات کو یہاں مری کے دورے کے موقع پر وزیراعظم کو این ایچ اے حکام نے بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے مری ایکسپریس وے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ ہزارہ موٹروے کے معیاری کام کو مدنظر رکھتے ہوئے مری ایکسپریس وے کی مرمت کی جائے، پہلے ہی بہت پیسہ ضائع ہو چکا ہے، اب ایک پیسہ بھی ضائع نہیں ہونا چاہیے اور ہزارہ موٹروے پر کام کرنے والی کمپنی سے مشاورت اور رہنمائی حاصل کر کے معیاری کام کیا جائے۔