مزید خبریں

پی ٹی آئی ایٹمی اثاثے گروی رکھنا چاہتی تھی،حکومت اعداد و شمار کچھ تقریریں کچھ ہیں،اپوزیشن

اسلام آباد(اے پی پی/آن لائن)جمعرات کوقومی اسمبلی کے اجلاس میںبجٹ بحث کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے ایک دوسرے پرالزامات کی بوچھاڑ،اپوزیشن نے بجٹ کو اعدادوشمارکاگورکھ دھندا قراردے دیا۔اطلاعات کے مطابق سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار کی والدہ کے ایصال ثواب کے لیے قومی اسمبلی میں فاتحہ خوانی کرائی گئی۔اسپیکر قومی اسمبلی راجاپرویز اشرف کے کہنے پر مولانا عبدالاکبر چترالی نے مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کروائی۔اجلاس کے دوران رکن اسمبلی محسن داوڑ نے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری ہوجانے کے باوجود قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے نہ لانے کا معاملہ ایوان میں اٹھا دیا اور کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے مگر انھیںایوان میں لایا نہیں گیا،وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں انہیں ڈسچارج نہیں کیا جارہا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے علی وزیر کے ایوان میں نہ لانے پر برہمی کا اظہار کیا اور اسمبلی سیکرٹریٹ کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ بجٹ بحث میںحصہ لیتے ہوئے حکومتی اراکین کاکہناتھا کہ گزشتہ حکومت بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت کام کررہی تھی،ملک کو مالی، معاشی اور اقتصادی طور پر کمزور کرنا عمران کا ایجنڈا تھا،پی ٹی آئی کی حکومت ملک کے ایٹمی اثاثے گروی رکھنا چاہتی تھی،پی ڈی ایم نااہل حکومت کونہ ہٹاتی توملک دیوالیہ ہوجاتا،راجاریاض نے پی ٹی آئی کے اندررہتے ہوئے حق اورسچ کی آواز بلند کی۔ثابت ہوگیا ہماری حکومت امریکا نہیں لایا بلکہ یہ آئینی طریقے سے آئی۔پاکستان حلال اتھارٹی کا قیام اور اس پر عملدرآمد کیا جائے تو بلین ڈالرز کا فائدہ ملک کو ہوگا، 90 کی دہائی میں ہم بھارت سے بھی زیادہ کاٹن پیدا کرتے تھے پھر ہم نے کاٹن کی امپورٹ شروع کر دی اس مرتبہ گندم کی کٹائی کے بعد کسانوں نے زیادہ کاٹن کی کاشت شروع کی ہے حکومت کاٹن کی پیداوار بڑھانے کے لیے کسانوں کو زیادہ سپورٹ فراہم کرے۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ اکنامک سروے میں اعدادو شمار کچھ ہیں اور قومی اسمبلی میں تقریریں کچھ اور ہو رہی ہیں ، حکومت4 کھرب کا بالواسطہ ٹیکس لگا رہی ہے، آج ملک میں مڈل کلاس ختم ہو چکی ہے کھانے کے تیل سے لے کر ہر چیز ملک میں درآمد ہو رہی ہے۔ وزرا کی عدم موجودگی ہی سے پتا چلتا ہے کہ حکومت کی بجٹ میں کتنی دلچسپی ہے۔انہوںنے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کے مفاد میں سر جوڑ کر بیٹھنا ہو گا ملک میں آج ادارے متنازع ہوتے جارہے ہیں قومی اسمبلی بھی غیر موثر ہے کیونکہ اس کے لیے مضبوط اپوزیشن چاہیے ۔ فہمیدہ مرزا نے کہا کہ انتخابی اصلاحات اور نیب ترامیم پر کمیٹی بننی چاہیے تھی، آئی ایم ایف کے معاہدے کو پارلیمنٹ میں لا کر بحث کی جائے پیٹرول کی قیمت آج عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے ۔ ڈاکٹر اسرار ترین نے کہا کہ ان کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ جو بھی ڈائیلاگ ہوگا وہ آئین پاکستان کے مطابق ہوگا تمام ڈائیلاگ کوپارلیمنٹ میں لے کے آئیں گے۔ ڈاکٹرفہمیدہ مرزانے گستاخانہ بیان پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کے گھروں کو گرایا جارہا ہے بھارت کے مسلمانوں کے خلاف مظالم پر دنیا بھر میں آواز اٹھائی جانی چاہیے بھارت میں اسلامو فوبیا انتہاکو پہنچتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر پارلیمنٹ کو ان کیمرہ بریفنگ دی جانی چاہیے۔