مزید خبریں

اسکردو جانے والے سیاح لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے راستے میں پھنس گئے

کراچی (جسارت رپورٹر) اسلام آباد سے اسکردو اور چلاس جانے والے سیاحوں کی گاڑیاں بدھ کی رات ایک بجے سے جمعرات کی شام 6 بجے تک راستے میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پھنسی رہیں، مقامی انتظامیہ نے کئی مرتبہ 2 گھنٹے، 2 گھنٹے کہ کر سیاحوں کو پریشان رکھا، لوگوں کے پاس سفر کیلیے مختصر راشن اور کچھ پھل وغیرہ تھے جو طویل انتظار کے دوران ختم ہوگئے، کسی کے پاس پانی کی کمی اور کسی کے پاس ڈیزل اور پیٹرول کی قلت ہوگئی، لوگوں کو گزشتہ سال کے سانحہ مری کا خوف بھی تھا۔ بالآخر جمعرات کی شام 6 بجے راستہ صاف ہوا اور مسافروں نے چلاس میں پڑاؤ ڈالا۔ سیاحوں میں کینیڈا، امریکا اور پاکستان کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگ بھی شامل ہیں، یہ لوگ کے ٹو بیس کیمپ تک کے سفر پر گئے ہیں، ایک ٹیم بیس کیمپ تک پہنچ کر واپس آچکی ہے۔ تودے گرنے کی وجہ سے درجنوں گاڑیاں 13، 14 گھنٹے تک پھنسی رہیں۔