مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں ہوئے ، وزیر اطلاعات سندھ، 14 اضلاع میں پولنگ کی تیاری مکمل

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے سندھ اسمبلی میڈیا کارنر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات ملتوی نہیں ہوئے ، مخالفین افواہ پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کو 80 فی صد علاقوں میں امیدوار ہی نہیں ملے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عوام ان افواہوں پر کان نہ دھریں۔ بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں جاری رکھی جائیں ، جب تک عدالت کے اس ضمن میں احکامات نہیں آجاتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ روز اداروں اور ان کے سربراہان پرپھر تنقید کی ہے، سماجی رابطوں پر ریاستی اداروں کے خلاف عمران خان کی سربراہی میں گھناؤنی سازش چل رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں بنی گالا اور لاہور سے سسٹم چلایا جا رہا تھا، ایک خاتون بیچاری لاہور میں سسٹم چلا رہی تھی ، حکومت ختم ہونے پر انہیں بیرون ملک فرار کروادیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے چہرے سے ایمانداری اور شرافت کا ماسک جلد اترنے والا ہے۔ پیپلز بس سروس اور اورینج لائن پر انہوں نے کہا کہ پیپلز انٹرا ڈسٹرکٹ بس سروس تقریبا تیار ہے ، ان کا ڈرائیو پورا ہونے والا ہے ، مزید تاخیرنہیںہوگی، ایک دو روز میں آغاز ہوجائے گا، جبکہ اورینج لائن کے ٹریک پر بھی بسوں کی ٹیسٹ ڈرائیو کا کل سے آغاز ہوگیا ہے۔علاوہ ازیں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے 14 اضلاع میں پولنگ کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ،پہلے مرحلے میں سندھ کے 14 اضلاع میں براہ راست پولنگ 26جون بروز اتوار ہوگی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ایک کروڑ 14 لاکھ 92 ہزار 680 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، مختلف کیٹگریوں کی 6083 نشستوں پر 22050 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ 1081 نشستوں پر امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ آرمی/رینجرز کی تعیناتی کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خط لکھ دیا گیا ہے۔