مزید خبریں

عمران خان کے دور میں تیل کی خریداری کے معاہدے کا علم نہیں ، روسی قونصل جنرل

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) روسی قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے پی ٹی آئی حکومت کے روس سے تیل کی خریداری کے معاہدے پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔کراچی میں نجی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے روس اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات سمیت روس یوکرین تنازع پر بھی بات کی۔ روسی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں، ہم پاکستان کو دوست ملک سمجھتے ہیں اور پاکستان سے بھی روس کو دوست ملک سمجھنے کی امید رکھتے ہیں۔اپنے انٹرویو میں پاکستان سے تجارتی اور معاشی تعاون قائم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔آندرے وکٹرووچ فیڈروف کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تیل ، گیس سمیت زراعت ، میڈیکل اور سرجیکل جیسے مختلف شعبوں سے بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں لیکن مغرب کی جانب سے دونوں ممالک پر لگائی گئی غیر قانونی پابندیاں تجارت کے عمل کو متاثر کیے ہوئے ہیں جس کے باعث پیسے ٹرانسفر نہیں کیے جاسکتے، اس مسئلے کے حل کے لیے دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ البتہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کے حل میں مغربی ممالک سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، جب بھی پرامن مذاکرات کا عمل شروع ہونے لگتا ہے تو اسے روک دیا جاتا ہے اور اس کے تانے بانے واشنگٹن سے ملتے ہیں۔