مزید خبریں

کراچی کی ابترصورتحال نے حکومتی دعوؤں کو کھوکلاثابت کردیا ، حسین محنتی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کراچی میں مون سون کی بارش میں قیمتی انسانی جانوں واملاک کے نقصان پردلی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں آدھے گھنٹے سے بھی کم کی بارش میں شہرکی ابترصورتحال نے حکومتی تمام دعوؤں کو کھوکلاثابت کردیا ہے۔معمولی بارش میں ٹریفک جام،روڈ راستے تالاب اوربجلی غائب ہونے والی صورتحال نے شہرمیں ترقیاتی کام کرانے کی نفی کردی ہے۔ملک کے سب سے بڑے شہر،دارالخلافہ اورزیادہ ٹیکس دینے والے شہر کی یہ صورتحال ہے توپھرباقی ماندہ سندھ میں عوام کس اذیت سے دوچار ہوں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بارش اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسانوں کے لیے رحمت ہوتی ہے مگرحکومتی نااہلی اوربدانتظامی کی وجہ سے زحمت بنادی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی بجٹ کرپشن کی نظرکرنے کی بجائے شہر کے انفرااسٹکچر،نالوں کی بروقت صٖفائی،سیوریج سسٹم درست اوردیگرکاموں پرلگایا جاتا توشہر آج اس طرح لاوارث ،گندگی کے ڈھیر،ڈرینیج سسٹم تباہ ہرگز نہ ہوتا۔