مزید خبریں

عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے ، شاہدرشید بٹ

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ معاشی بدحالی کے سبب سیاسی قیادت عوام میں اپنا اعتماد کھو رہی ہے۔موجودہ نازک صورتحال کی ذمہ داری سالہا سال سے جاری غلط پالیسیوںپر جاتی ہے جبکہ اب ملک آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے نرغے میں بری طرح سے پھنس چکا ہے اور حکومت کے پاس اس شکنجے سے نکلنے کا کوئی منصوبہ موجود نہیں ہے۔شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ کئی دہائیوں سے عوام پس رہے ہیں جبکہ اشرافیہ پھل پھول رہی ہے جس نے ملک کو خانہ جنگی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ڈالر کی تباہ کاریوں کے ساتھ اب کورونا وائرس کا خطرہ بھی بڑھ رہا ہے بجٹ کی منظوری بھی لٹکی ہوئی ہے اور اقتصادی بحران خوفناک ہوتا جا رہا ہے جس نے عوام کی قوت خرید ختم کر دی ہے۔صاحب ثروت افراد کے بجائے غریبوں پر ٹیکس لگایا جا رہا ہے جس نے ٹیکس اصلاحات کے دعوے کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے۔ فیٹف کی چنگل سے نکلنے کی کوشش تو کی جا رہی ہے مگر عوام کو یہ نہیں بتایا جا رہا کہ اس مصیبت میں ملک کو پھنسانے والے کون تھے اور ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی ہے۔فیٹف کی تمام شرائط پوری کرنے کے باوجود پاکستان کو گرے لسٹ سے نہیں نکالا جا رہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ فیٹف عالمی قوتوں کا آلہ کار ہے۔ اس وقت ملک کی آزادی خودمختاری اقتدار اعلیٰ اور ساکھ خطرات سے دوچار ہے مگر اشرافیہ نوازی یوری قوت سے جاری ہے۔شاہد رشید بٹ نے مزید کہا کہ پانی کے بحران نے بھی ملک کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں ٹینکر مافیا نے پانی کی قیمت میں چار سے پانچ سو گنا اضافہ کر دیا ہے۔ بڑی رہائشی سوسائیٹیاں ایک طرف تو مکینوں سے پانی کی فراہمی کی فیس لے رہی ہیں جبکہ دوسری طرف پانی بند ہے جس سے عوام پریشان اور تعمیرات بند ہو گئی ہیں۔