مزید خبریں

بدعنوانی کے خاتمے کیلیے پر عزم ہیں ، کو آرڈینیٹر وفاقی ٹیکس محتسب

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) وفاقی ٹیکس محتسب کے اعزازی کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ ایف ٹی او ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے ٹیکس دہندگان کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعدد بہترین اقدامات، نئے تصورات اور انتہائی آسان طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں تاجروں کے ساتھ ایک آگاہی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب بہترین پیشہ وارانہ اہلیت کے حامل، انتہائی دیانتدار اور بدعنوانی و بدانتظامی کے خاتمے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، ان کے دور میں دیگر اقدامات کے ساتھ شکایت کے ازالے کا غیر رسمی طریقہ کار دوبارہ فعال ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او نے تمام ایڈوائزرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس غیر رسمی طریقہ کار کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں اور انہوں نے جہاں بھی ممکن ہے قانون کی اس موثر شق کو بروئے کار لانا شروع کر دیا ہے، اس کے نتیجے میں سنگین نوعیت کے متعدد مقدمات کو خوش اسلوبی سے حل کیا جا سکے گا جس سے متاثرہ ٹیکس دہندگان کو فوری ریلیف ملے گا۔مہر کاشف نے بتایا کہ ایڈوائزر کسٹمز ڈاکٹر ارسلان سبکتگین نے حال ہی میں ٹیلی نار پاکستان کے کیس میں اس قانونی شق کا استعمال کیا ، انہوں نے متعلقہ کلکٹر کسٹمز کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا اور ان کے بلاک شدہ این ٹی این کو قانون کے مطابق فعال کر دیا جس سے نہ صرف غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا بلکہ اس سے پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانیوں کا مثبت پیغام بھی گیا۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے اس قانونی و غیر رسمی طریقہ کار کے استعمال میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے جسیایف ٹی او ایڈوائزر پورے ملک میں استعمال کر رہے ہیں تاکہ شکایت کنندگان کو فوری ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔