مزید خبریں

سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، غلام نبی میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ہے کراچی میں سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے کے لیے پولیس نے پیٹرولنگ، ناکہ بندی اور اسنیپ چیکنگ میں اضافہ کردیا جس کے مثبت نتائج مل رہے ہیں اور شہر میں امن و امان کی فضا بحال ہوئی۔ گزشتہ چند ماہ سے پولیس پر حملوں میں اضافہ ہوا، کئی فرض شناس اہلکار شہید ہوئے لیکن اس سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم سے پولیس ہیڈ آفس میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات اور مسائل بہت ہیں، جن کا مقابلہ پولیس، عوام اور بزنس کمیونٹی کو مل کر کرنا ہو گا۔ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی سے ہماری انویسٹی گیشن میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ پولیس اپنے فرائض جاں فشانی سے انجام دے رہی ہے۔