مزید خبریں

ریحانہ لغاری کی عرب امارات کے قونصل جنرل سے ملاقات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی ریحانہ لغاری نے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرمیتی سے سندھ اسمبلی میں قائم اپنے دفتر میں ملاقات کی اورانہیں سندھ میں قونصل جنرل تعینات ہونے پرمبارکباد دی۔ ملاقات میں قونصل جنرل متحدہ عرب امارات بخیت عتیق الرمیتی نے کراچی میں قائم متحدہ عرب امارات کے ویزاآفس کے قیام اورسہولیات کے بارے میں معلومات دیں اور بتایا کہ ویزاسسٹم کومسلسل جدید خطوط پراستوارکیا جارہا ہے تاکہ اپنے پاکستانی بھائیوں کو ویزاکے حصول میں آسانی مہیا کی جاسکے۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں خاتون اسپیکرکودیکھ کربہت خوشی محسوس ہورہی ہے،متحدہ عرب امارات میں بھی سرکاری و غیرسرکاری اداروں میں خواتین کی نمائندگی مسلسل بڑھ رہی ہے،اور حکومت کی بھرپورکوشش ہے کہ خواتین کو معاشرے کے ہرشعبہ میں غیرمعمولی نمائندگی دی جائے۔ متحدہ عرب امارات معاشرے میں خواتین کے قیادتی کردارکوسپورٹ کرتا ہے اور دوست ممالک میں بھی خواتین کی فلاح وبہبودوالے منصوبوں میں ان کے شانہ بشانہ شامل ہوتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی بھائیوں کا بہت کردار ہے اوران کی حکومت سمیت وہ خود ذاتی طورپران کے مشکور ہیں۔