مزید خبریں

طالبان کی عالمی برادری سے امداد کی اپیل، خوراک، ادویات ، خیموں کی ضرورت ہے ، افغان قونصل جنرل

کابل /اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک+اے پی پی) افغان طالبان نے ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد عالمی برادری سے امداد کی اپیل کردی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقی افغانستان میں آنے والے 6.1 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 1500 سے زائد زخمی ہیں۔افغان حکام نے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔افغان قونصل جنرل کے مطابق زلزلہ متاثرین کے لیے خوراک‘ ادویات‘ خیموں کی ضرورت ہے‘ افغان حکومت نے زلزلے کے بعد ایک ہنگامی اجلاس میں امدادی کاموں کے لیے 100 ملین افغانی (1.1 ملین ڈالر) کی منظوری دی لیکن افغانستان کی موجودہ معاشی صورتحال کے باعث زلزلہ متاثرین کے امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے کہا کہ ہم عالمی برادری، تنظیموں اور بحرانی کیفیت میں کام کرنے والی ایجنسیوں سے اس تباہ کن صورتحال میں افغان عوام کی مددکی اپیل کرتے ہیں لہٰذا اس صورتحال میں جتنا ممکن ہوسکے افغان عوام کی مدد کی جائے۔طالبان کے سینئر اہلکار عبد القہار بلخی نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا کہ حکومت اس وقت لوگوں کی اتنی مدد کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی جتنی حالات کے مطابق درکار ہے،عالمی ایجنسیاں، ہمسایہ ممالک اور عالمی طاقتیں مدد کر رہے ہیں لیکن امداد کئی گنا بڑھانے کی ضرورت ہے کیوں کہ اتنا تباہ کن زلزلہ گزشتہ کئی دہائیوں میں نہیں آیا۔اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرس کا کہنا ہے کہ اس وقت ایجنسی مکمل طور پر امدادی سرگرمیوں کے لیے فعال ہو چکی ہے، اقوام متحدہ کی جانب سے طبی ٹیمیں، سامان، خوراک اور عارضی پناہ گاہیں متاثرہ علاقوں میں بھجوائے جاچکے ہیں۔امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کئی گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، سڑکیں بند اور موبائل فون ٹاور کام نہیں کر رہے ، دوردراز علاقوں میں زخمیوں اور لاشوں کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے تاہم ملک میں جاری موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری سے امدادی کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ادھر پاکستان نے افغانستان میں شدید زلزلہ کے متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پاکستان نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کیا ہے، جس میں فیملی ترپال، کمبل اور ہنگامی ادویات پر مشتمل سامان شامل ہے۔ پاکستان نے متاثرہ افغان خاندانوں کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔