مزید خبریں

ٹرین مارچ کی تیاریاں مکمل ہو گئیں، اظہر اقبال حسن

لاہور(نمائندہ جسارت)قائم مقام سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اظہر اقبال حسن نے کہا ہے کہ مہنگائی، کرپشن اور سودی معیشت کے خلاف ٹرین مارچ کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق مرکزی و صوبائی قیادت کے ہمراہ رحیم یار خان تا راولپنڈی ٹرین مارچ کی قیادت کریں گے۔ رحیم یارخان ریلوے اسٹیشن سے ہفتہ کو شروع ہونے والے 3 روزہ ٹرین مارچ ہزاروں افراد شریک ہوں گے۔ رحیم یار خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 25جون بروز ہفتہ صبح 7بجے ریلوے اسٹیشن پر جلسہ عام اور ٹرین مارچ کے آغاز کے لیے کارکنان کاجذبہ دیدنی ہے۔ کارکنان اپنے محبوب قائدسراج الحق کا فقیدالمثال استقبال کریں گے۔ اس سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں۔ شہر بھر کی گلی محلوں اور بازاروں میں جماعت اسلامی کے کارکنان عوام میں جلسہ عام اور ٹرین مارچ میں شرکت کے لیے دعوت نامے تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے ٹرین مارچ پنجاب میں عوامی مایوسی کو اُمید میں تبدیل کرے گا۔ دریں اثنا ء امیر جماعت اسلامی ضلع رحیم یار خان ڈاکٹر انوارالحق کی قیادت میں ایک وفد نے ریلوے اسٹیشن ماسٹرسے ملا اور انھیں بتایا کارکنان جماعت اسلامی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر اپنی ذمے داریاں جس میں تزین و آرائش، اسٹیج و دیگر لوازمات سرانجام دیں گے اور تمام مراحل انتہائی پرامن ہوں گے