مزید خبریں

بلدیاتی الیکشن میں خون خرابے کا خدشہ ہے ،جے یو آئی

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جے یو آئی نے بلدیاتی الیکشن میں ضلع جیکب آباد میں خون خرابے کا خدشہ ظاہر کردیا حکومتی امیدواروں کیلیے سرکاری مشینری اور بے دریغ پیسے خرچ کیے جارہے ہیں تاریخ گزرنے کے باوجود پولنگ اسٹیشنز کی تبدیلیاں جاری ہیں ہمارے امیدواروں کودستبردار کرنے کے لیے دھمکایا اور ہراساں کیا جارہا ہے، دھاندلی برداشت نہیں کریں گے،خون خرابے کی ذمے داری حکومت پر ہوگی، فوج مقر ر کی جائے اورپولسنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی ویزلگائی جائیں،ضلع میں رزلٹ دیں گے۔ جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کا کارنر اجتماعات سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ ضلع جیکب آباد میں سندھ حکومت کے حمایتی امیدواروں نے بلدیاتی انتخابات میں خون خرابہ کرکے دھونس دھمکیوں اور دھاندلی کے ذریعے جیتنے کا پروگرام بنا لیا ہے۔انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ضلع کی پوری سرکاری مشینری اور الیکشن کمیشن پی پی امیدواروں کی غلام بنی ہوئی ہے، معیاد ختم ہونے کے بعد بھی پولنگ اسٹیشنز تبدیل کیے جا رہے ہیں جبکہ ہمارے دھاندلی روکنے کیلیے جائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جارہے ہیں ہم خبردار کرتے ہیں کہ کسی صورت میں دھاندلی کرنے نہیں دینگے ہم کپڑوں کو کفن سمجھ کر میدان میں اترے ہیں، وڈیروں اور سرکاری غلامی کرنے والوں کا گھیرائو کریں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جیکب آباد کے مختلف وارڈز میں ڈور ٹو ڈور ورک اور اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر تعلقہ امیر مولانا عبدالجبار رند ، حماداللہ انصاری ،چاکر خان جکھرانی نے کہا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز کو وڈیروں کی اوطاقوں میں تبدیل کرنا پری پول رگنگ ہے، سرکاری مشینری کے ذریعے جیتنا عوام کے مینڈیٹ کو چرانے کے مترادف ہوگا جو عوام کے دلوں کو کبھی جیت نہیں سکتے اورایسے امیدوارعوام کی نظروں میں نفرتوں اور ذلیل اور خوار رہے ہیں اور رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو الیکشن سے دستبردار کرانے کے لیے دھمکایا اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان اورمتعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ دھاندلی کو روکا جائے ورنہ خون خرابے کا خطرہ ہے ،جیکب آباد میں جے یو آئی سمیت مختلف تنظیموں کی جانب سے دیے گئے حساس پولنگ اسٹیشنز خصوصاً لوگی،بختارپور، شیرواہ،کریم آباد، توج، بلوچ آباد، جانپور، شیرانپور،رندواہی،بلوچ آباد اور میونسپل اور ٹائون کمیٹیزکے مختلف وارڈوں پر سی سی ٹی وی کیمرے اور رینجرز تعینات کیے جائیں ورنہ کسی خون خرابے کی ذمے داری الیکشن کمیشن، آراوز، ڈی آر او اور حکومتی ذمے داران پر ہوگی۔