مزید خبریں

کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کو کبھی آگے نہیں بڑھنے دیا

سکھر(نمائندہ جسارت) نظام مصطفی پارٹی پاکستان کے سربراہ سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب (ستارہ امتیاز حکومت پاکستان) نے کہا ہے کہ قائد اعظم اور علامہ اقبال کا پاکستان سونا، کوپر، گیس اور پٹرولیم مصنوعات اور معدنیات سے مالا مال ملک ہے بلوچستان کی سرزمین وطن عزیز پاکستان کی تقدیر اور قسمت بدل سکتی ہے حکمرانوں کی عیش و عشرت کرپٹ اعلیٰ عہدیداروں اور بدعنوان بیورو کریسی سمیت لوٹ مار کرنے والے سیاستدانوں نے کبھی پاکستان کو آگے نہیں بڑھنے دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نظام مصطفی پارٹی سندھ کے رہنما مولانا نصیر احمد شیخ سکھر کے کنوینر مولانا قاری عبدالحفیظ قادری اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں موقع پرست سیاست کرپٹ بیورو کریسی رکاوٹ ہے بدعنوانیاں کرنے والوں نے قدرتی وسائل پر کام ہی نہیں کرنے دیا، معدنیات اور دیگر قدرتی انعامات و وسائل کے ثمرات عوام تک منتقل کرنے کیلیے باکردار ایماندار ہمدرد محب وطن مخلص اور عوام کا احساس کرنے والی قیادت و حکومت ضروری اور لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں جب تک نظام مصطفیٰ نافذ نہیں ہوگا مسائل اور بحران ختم نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلیے کالی کملی والے نظام ہی روشن کی حیثیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد ملک کو اسلامی فلاحی پرامن اور معاشی طور پر مستحکم ریاست کے قیام کیلیے ہے۔نظام مصطفی پارٹی کے چیئر مین و سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناح سے قیام پاکستان کے فوری بعدہی بتادیا تھا کہ ملکی سرزمین گیس، سونا، تانبہ، پیٹرولیم مصنوعات، اور معدنیات موجود ہیں۔ملک کی کرپٹ،بے ایمان بیوروکرسی، سیاسی شخصیات، اور سرکاری ملازمین کی وجہ سے نکلنے والی معدنیات سے آج تک استفادہ حاصل نہیں کرسکے ہیں۔ ہمارے حکمران قرض کے حصول کے لیے جاجاکر معاہدوں پر دستخط کرتے ہیں۔مہنگائی میں اضافہ کی وجہ سود ی قرضہ ہے،قرض لینگے کے لیے ہم انکی شرائط پر بجلی، گیس، پیٹرول، سمیت عام اشیا کے نرخوں میں اضافہ کرتے ہیں جس سے شہریوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑھ رہا ہے۔ انھوں نے تنظیمی عہدیداران اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی،بے روز گاری کی وجہ سے عام شہری براہ راست متاثرہ ہورہا ہے جس ایک وجہ سودی قرضہ لیکر ہم ڈالر میں ادائیگی کرتے ہیں جس سے روپے کی قدر میں تیزی سے کمی ہورہی ہے۔